ایکنا نیوز- مظفر گڑھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 16 اشتہاری ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے سربراہ ملک اسحاق اور ان کے دو بیٹے بھی شامل ہیں۔محکمہ انسداد دہشت گردی ملتان کے مطابق، ملک اسحاق اور ان کے دو بیٹوں عثمان اور حق نواز سمیت 6 گرفتار افراد کو اسلحہ و بارودی مواد کی نشاندہی کے لیے گزشتہ رات مظفر گڑھ لے جایا گیا تھا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں خطرناک دہشت گردغلام رسول اور اس کے بیٹے بھی شامل ہیں، تمام ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے اور ملزمان دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے، ہلاک ہونے والے ملزمان میں زیادہ تر کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملک اسحاق کو چند روز قبل گرفتار کیا گیا تھا اور ملک اسحاق کو اسلحے کی نشاندہی اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے ملتان سے مظفر گڑھ لایا جایا جا رہا تھا کہ شاہ والا کے قریب ملزمان کے ساتھیوں کے انھیں چھڑانے کی کوشش کی جس پر ملزمان سے مقابلہ ہو گیا اور تمام ملزمان ہلاک ہو گئے۔ سی ٹی ڈی پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھی موٹر سائیکلوں پر آئے، ہلاک دہشت گردوں سے بارود سے بھرے 3 واٹر کولر، کلاشنکوف، 12 پستول، 400 گولیاں اور 4 دستی بم برآمد ہوئے۔ ملزمان کے 6 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم ان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔