عالم اسلام کو اسلاموفوبیا کے خلاف متحد ہونا چاہیے، وزیر اعظم

IQNA

عالم اسلام کو اسلاموفوبیا کے خلاف متحد ہونا چاہیے، وزیر اعظم

20:28 - April 19, 2022
خبر کا کوڈ: 3511715
شہباز شریف نے سوئیڈن میں پیش آنے والے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے اور نیدرلینڈز کے سیاستدان کے نازیبا ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اسلاموفوبیا کے خلاف متحد ہوجانا چاہیے۔

ایکنا انٹرنیشنل ڈیسک- ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے مذکورہ واقعات پر دکھ اظہار کرتے ہوئے اسلاموفوبیا کے واقعات سے بچنے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ سوئیڈن اور ہالینڈ میں اسلاموفوبیا کے حالیہ واقعات سے پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو شدید دکھ پہنچا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ ان واقعات کی مذمت کرے اور ایسے گھناؤنے رویے کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔

شہباز شریف نے عالم اسلام کو پیغام دیا کہ ہمیں اسلاموفوبیا کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔

خیال رہے سوئیڈن کی پولیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ دائیں بازو کے ایک گروپ کی جانب سے قرآن کی بے حرمتی کے منصوبے سے شروع ہونے والی کئی روز سے جاری بدامنی میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے تشدد سے نمٹنے کے لیے مزید وسائل کا مطالبہ کیا ہے۔

سوئیڈن کی پولیس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ جمعرات کے روز سے کئی شہروں میں جاری مظاہروں نے پرتشدد شکل اختیار کر لی ہے اور ان پر تشدد مظاہروں کے دوران 26 پولیس افسران اور 14 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

سوئیڈن میں بدامنی کو ایک مہاجرین مخالف اور اسلام مخالف گروپ کے رہنما راسمس پالوڈان نے جنم دیا تھا جس کا مقصد ستمبر کے انتخابات سے قبل حمایت حاصل کرنا ہے۔

راسمس پالوڈان ستمبر کے انتخابات میں کھڑے ہونے کا ارادہ رکھتا ہے لیکن ابھی تک اس کے پاس اپنی امیدواری کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری تائید کنندگان نہیں ہیں، اس نے سوئیڈن کے ان شہروں کا دورہ کیا جہاں بڑی تعداد میں مسلم آباد ہیں اور اپنے دورے کے دوان اس نے ماہ رمضان کے مقدس مہنے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا منصوبہ بنایا۔

جمعرات کی شام سے اس گروپ کے خلاف لنکوپنگ اور نورکوپنگ شہروں میں مظاہروں کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئی تھیں۔

مظاہرے مالمو شہر تک پھیل گئے جہاں بدامنی کے دوران ایک اسکول کو نظر آتش کردیا گیا تھا۔

نیشنل پولیس کے سربراہ کا ایک پریس کانفرنس میں کہنا تھا جرائم پیشہ عناصر نے اس صورت حال سے فائدہ اٹھایا کہ وہ معاشرے کے خلاف تشدد کریں، ان عناصر کا مظاہروں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

نظرات بینندگان
captcha