حقیقت قیامت: جسمانى یا روحانى؟

IQNA

حقیقت قیامت: جسمانى یا روحانى؟

6:47 - November 10, 2024
خبر کا کوڈ: 3517427
ایکنا: آیات قرآن کے مطابق یہی خاکی بدن قیامت میں دوبارہ زندہ کیا جائے گا اور قیامت جسمانی ہوگی۔

ایکنا: اسلامی بزرگ علما کا عقیدہ ہے کہ قیامت روحانی اور جسمانی دونوں صورتوں میں ہوگی۔ قرآن کی آیات کے مطابق وہی جسم جو مٹی میں مل گیا اور فنا ہوگیا، اللہ کے حکم سے دوبارہ جمع کیا جائے گا۔ قرآن مجید میں جسمانی قیامت کے بہت سے شواہد موجود ہیں۔ سورۃ یٰسین کے آخر میں ہم جو آیات پڑھتے ہیں وہ اس حقیقت کو واضح کرتی ہیں۔ ان آیات میں ایک عرب بدوی رسول اللہ سے حیرت سے پوچھتا ہے کہ مردوں کی بوسیدہ ہڈیوں کو کون زندہ کر سکتا ہے؟ قرآن اس کے جواب میں صاف کہتا ہے: *قُلْ يُحْيِيهَا الَّذِي أَنْشَأَها أَوَّلَ مَرَّةٍ*، "کہہ دو، اسے وہی زندہ کرے گا جس نے اسے پہلی بار پیدا کیا تھا۔
 
مشرکین کی حیرت اور ان کی مخالفت کا اصل نقطہ یہی تھا کہ جب ہم خاک ہوجائیں گے اور ہماری خاک زمین میں گم ہوجائے گی، تو کیسے دوبارہ ہم میں زندگی آ سکتی ہے؟ *وَ قالُوا أَ إِذا ضَلَلْنا فِي الْأَرْضِ أَ إِنَّا لَفِي خَلْقٍ جَدِيدٍ* (سجدہ /10)۔ وہ کہتے تھے، *أَ يَعِدُكُمْ أَنَّكُمْ إِذا مِتُّمْ وَ كُنْتُمْ تُراباً وَ عِظاماً أَنَّكُمْ مُخْرَجُونَ* (مؤمنون / 35)۔ وہ اس بات پر اتنے حیران تھے کہ اسے دیوانگی یا اللہ پر جھوٹ باندھنے کے مترادف سمجھتے تھے: *قالَ الَّذِينَ كَفَرُوا هَلْ نَدُلُّكُمْ عَلى‏ رَجُلٍ يُنَبِّئُكُمْ إِذا مُزِّقْتُمْ كُلَّ مُمَزَّقٍ إِنَّكُمْ لَفِي خَلْقٍ جَدِيدٍ* (سبا/7-8)۔
 
اسی وجہ سے قرآن میں قیامت کے امکان پر دلائل کا مرکز جسمانی قیامت ہے۔ اس کے علاوہ قرآن بارہا یہ ذکر کرتا ہے کہ قیامت میں لوگ اپنی قبروں سے نکلیں گے (یٰس 51 - قمر 7)، جو واضح طور پر جسمانی قیامت کی طرف اشارہ ہے۔ حضرت ابراہیم کے چار پرندوں کا واقعہ، حضرت عزیر کا مرنے کے بعد زندہ ہونا اور بنی اسرائیل کے مقتول کا واقعہ سب جسمانی قیامت کی حقیقت کو بیان کرتے ہیں۔
 
قرآن مجید میں جنت کی مادی اور روحانی نعمتوں کے وسیع تذکرے بھی یہ ثابت کرتے ہیں کہ قیامت جسم اور روح دونوں میں پوری ہوگی، ورنہ جنت کی حوریں، محل اور قسم قسم کے کھانے اور مادی لذتیں بے معنی ہوتیں۔ بہرحال، کوئی شخص جو قرآن کے منطق اور پیغام سے ادنیٰ واقفیت بھی رکھتا ہو، وہ جسمانی قیامت کا انکار نہیں کرسکتا۔

نظرات بینندگان
captcha