خطیب مسجد الاقصی: اذان کی آواز تا قیامت فلسطین میں رہے گی

IQNA

خطیب مسجد الاقصی: اذان کی آواز تا قیامت فلسطین میں رہے گی

5:38 - December 04, 2024
خبر کا کوڈ: 3517576
ایکنا: خطیب مسجد الاقصی نے کہا کہ اذان رسول اکرم(ص) کے زمانے سے شروع ہوئی ہے اور تا قیامت باقی رہے گی۔

ایکنا نیوز- قدس پریس کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ مسجد الاقصی کے خطیب، شیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ اذان فلسطین کی فضاؤں میں بلال حبشی کے زمانے سے گونج رہی ہے اور یہ آواز کبھی خاموش نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ اذان کی آواز سے پریشان ہیں، وہ یہاں سے کہیں اور جا سکتے ہیں۔

یہ بیان ایتامار بن غفیر، صہیونی ریاست کے وزیر برائے داخلی سلامتی، کی اس اشتعال انگیز تجویز کے جواب میں دیا گیا جس میں انہوں نے فلسطین کی مساجد میں اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کو روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔ بن غفیر نے اپنی پولیس کو ہدایت دی کہ وہ مساجد کے لاؤڈ اسپیکر کے خلاف سخت اقدامات کریں۔

شیخ صبری نے کہا کہ اذان اسلام کے شعائر میں سے ایک ہے اور نماز کے ساتھ جڑا ہوا ہے جو ایک فرض عبادت ہے۔ کوئی بھی اس عمل کو روک نہیں سکتا۔ اگر میناروں سے اذان دینے سے روکا گیا تو گھروں کی چھتوں سے اذان بلند ہوگی۔

انہوں نے یاد دلایا کہ اذان فلسطین میں اس وقت سے جاری ہے جب خلیفہ دوم حضرت عمر بن خطاب نے بیت المقدس کو فتح کیا تھا اور بلال حبشی نے پہلی بار یہاں اذان دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ قیامت تک جاری رہے گا۔ اذان کو روکنا دینی معاملات میں مداخلت اور عبادت کی آزادی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت حاصل شدہ حقوق کے خلاف ہے۔

بن غفیر کے اذان پر پابندی کے اس بیان نے فلسطین کے اندر اور باہر شدید ردعمل کو جنم دیا ہے۔ حماس نے ان بیانات کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں مذہبی آزادی اور انسانی حقوق پر حملہ قرار دیا۔/

 

4251958

نظرات بینندگان
captcha