ایکنا نیوز- ilkha.com نیوز کے مطابق یہ تقریب ترکی کے شہر آدانا میں محکمہ اوقاف کے تعاون سے سرپوشیدہ اسپورٹس ہال "سرینولر" میں منعقد ہوئی، جہاں 475 حفاظِ قرآن کو اسنادِ حفظ قرآن دی گئیں، جن میں 185 بچیاں اور 290 لڑکے شامل تھے۔
اس بابرکت تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا۔ اس کے بعد آدانا کے مفتی محمد طاشجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا: "آج ہم اپنے 475 بچوں کی محنت کا پھل منا رہے ہیں، جنہوں نے قرآن کو اپنی زندگی کا مرکز بنایا اور اسے حفظ کیا۔ ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ انہیں ان لوگوں میں شامل کرے جو قرآن کو اپنے قول و عمل میں نافذ کریں۔"
اس کے بعد ترکی کی دیانت (محکمہ مذہبی امور) کے صدر علی ارباش نے خطاب کرتے ہوئے اس محفل کو سب سے بڑی اور بابرکت تقاریب میں سے قرار دیا اور کہا: "نبی اکرم ﷺ نے خطبۂ حجة الوداع میں اپنی امت کو قرآن و سنت کو تھامنے کی تلقین کی تھی، اور آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ امت کے تقریباً 500 نوجوان اس وصیت پر عمل کرتے ہوئے بغیر کسی استاد کے قرآن حفظ کرچکے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بابرکت کوششیں رسول اکرم ﷺ کی وصیت پر عمل کے عزم کی مظہر ہیں، اور امید ظاہر کی کہ یہ تقریب قرآن و امت کی علمی و عملی خدمت کے سفر کا آغاز بنے گی۔
تقریب کے اختتام پر، ایک روحانی ماحول میں 475 حفاظ کو سرکاری اسنادِ حفظ دی گئیں۔ اس کے بعد عثمان شاہین (رئیس کمیٹی برائے قرآنی تجوید و تلاوت، دیانت ترکی) نے ایک پُراثر دعا کرائی، جس میں انہوں نے اللہ سے دعا کی کہ ان حفاظ پر اپنی رحمت و مہربانی نازل فرمائے اور قرآن کو ان کی زندگی میں روشنی اور ہدایت کا ذریعہ بنائے۔/
4278761