ایکنا نیوز، الجریدہ نیوز کے مطابق سلمان بن سلطان، امیر مدینہ، اور محمد بن عبدالکریم العیسی، عالمی اسلامی اتحاد (رابطہ عالم اسلامی) کے سیکرٹری جنرل، نے مسجد نبویؐ کے قریب واقع بین الاقوامی میوزیم برائے سیرت نبویؐ کے جدید اور تکنیکی حصوں کا افتتاح کیا۔
سیرت نبویؐ میوزیم کا مرکزی مرکز مدینہ منورہ میں ہے اور یہ رابطہ عالم اسلامی کے تحت چلایا جا رہا ہے۔ سعودی حکام اور حرمین شریفین کی تولیت کی جانب سے اس منصوبے کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ یہ قرآن کریم اور سنت نبویؐ کی خدمت کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
میوزیم کا یہ نیا حصہ "انوار و آثار طیبہ" کے نام سے موسوم ہے، جو ایک جدید اور مستند نمائش ہے جس میں 20 مختلف حصے یا اسٹالز شامل ہیں۔ ان میں عہد نبوی کے مدینہ منورہ کی اہم ترین تاریخی، تہذیبی اور معاشرتی علامات کو پیش کیا گیا ہے۔ ایک پانوراما اسٹال میں مسجد نبویؐ کی تعمیر اور رسول اکرم ﷺ کے حجرے کو عہد نبوی کے مطابق شبیہ سازی کے ذریعے پیش کیا گیا ہے، جو زائرین کو ایک تجرباتی انداز میں حضور نبی کریم ﷺ کی روزمرہ زندگی کا مشاہدہ کرنے کا موقع دیتا ہے، گویا زائر کچھ لمحے رسول اکرم ﷺ کے زمانے میں گزار رہا ہو اور سیرت نبویؐ سے قیمتی معلومات حاصل کر رہا ہو۔
.
دیگر اہم اقدامات میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نیا پلیٹ فارم "اتحاف" بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ پلیٹ فارم زائرین کو ورچوئل ٹورز کے ذریعے سیرت نبویؐ کے مشاہدے کی سہولت دیتا ہے اور ایک ڈیجیٹل لائبریری بھی فراہم کرتا ہے جس میں 350 مستند علمی کتب اور دینی انسائیکلوپیڈیاز شامل ہیں، جو قرآن کریم اور سنت نبویؐ کی خدمت کے لیے مختلف عالمی زبانوں میں ترجمہ شدہ صورت میں موجود ہیں۔
.
زائرین جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سیرت نبویؐ پر شائع ہونے والی جدید ترین کتب، اخبارات، اور معلومات تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔/
4279127