شام سے حجاج سعودی عرب روانہ

IQNA

چودہ سال بعد

شام سے حجاج سعودی عرب روانہ

5:55 - May 20, 2025
خبر کا کوڈ: 3518511
ایکنا: دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 14 سال کے وقفے کے بعد پہلا قافلۂ زائرینِ حج سرزمینِ وحی کی جانب روانہ ہوا۔

ایکنا نیوز- السیاسہ نیوز کے مطابق دمشق، دارالحکومتِ شام، نے اتوار کے روز پہلی بار ایک حج قافلے کو سعودی عرب روانہ ہوتے دیکھا، جس میں شام کے مختلف صوبوں کے شہری شامل تھے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ سابق صدر بشار الاسد کے اقتدار سے محروم ہونے کے بعد شام سے حج تمتع کے لیے قافلہ روانہ ہوا ہے۔

اس سے قبل شام کے شمالی علاقوں میں مخالف گروپوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں کے رہائشی افراد حج کی ادائیگی کے لیے پڑوسی ممالک کے ذریعے روانہ ہوتے تھے۔

شام کے وزیرِ اوقاف محمد ابوالخیر شکری نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ زائرین امن اور سکون کے احساس کے ساتھ دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: ’’زائرین میں سے کوئی بھی تعاقب یا سیکیورٹی کارروائی کی زد میں نہیں ہے، اور سبھی کو باعزت طریقے سے، مہربند پاسپورٹس کے ساتھ ملک سے روانہ کیا گیا ہے۔‘‘

وزیرِ اوقاف نے بتایا کہ پروازوں کا سلسلہ 2 جون (12 خرداد) تک جاری رہے گا اور زائرین کو ترکی اور ازبکستان کی ایئر لائنز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

ابوالخیر شکری نے مزید بتایا کہ وزارتِ اوقاف اس سال 22 ہزار 500 زائرین کو خدمات فراہم کرے گی، جن میں سے کچھ شام سے اور کچھ دیگر ممالک سے حج کے لیے روانہ ہوں گے۔

اس موقع پر علاء صلال، ڈائریکٹر برائے عوامی تعلقات، شامی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ پہلا قافلہ 247 زائرین پر مشتمل تھا، جو حج کے مناسک کی ادائیگی کے لیے جدہ روانہ ہوا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حج کے دوران زائرین کو تمام ممکنہ سہولیات اور آرام دہ سفر فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔/

 

4283376

نظرات بینندگان
captcha