ایکنا نیوز- شفق نیوز کے مطابق شام کی وزارت اوقاف و مذہبی امور نے ان میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دمشق میں واقع حرم حضرت زینب (سلام اللہ علیہا) بند ہے اور محرم کے مہینے میں عزاداری کی تقریبات کے انعقاد سے روکا جا رہا ہے۔
وزارت اوقاف کے میڈیا دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حرم حضرت زینب (س) زائرین کے لیے کھلا ہے اور عاشورا یا محرم کے دیگر ایام میں دینی شعائر کے انعقاد پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
وزارت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ تمام زائرین کے لیے زیارت کے عمل کو آسان بنانے، زیارت کے نظم و نسق کو برقرار رکھنے اور زائرین کی سلامتی کے تحفظ کے لیے سکیورٹی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔
اس سے قبل ایسی خبریں سامنے آئی تھیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دمشق کے علاقے زینبیہ میں حضرت زینب (س) کا حرم بند کر دیا گیا ہے اور وہاں عزاداری کی مجالس و جلوسوں کے انعقاد کو روکا جا رہا ہے۔
تاہم سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تصاویر اس بات کی گواہی دیتی ہیں کہ محرم کی پہلی شب کی مجلس حرم حضرت زینب (س) میں منعقد ہوئی، جس میں درجنوں عزادار شریک ہوئے۔