ایکنا نیوز، الکفیل نیوز نے رپورٹ دی کہ سید علی البدری، سربراہ شعبہ میڈیا آستانِہ عباسی، نے کہا کہ مرکزِ الکفیل (الکفیل ٹیکنیکل پروڈکشن اور لائیو براڈکاسٹ سینٹر) اس مقصد کے لیے سرگرم ہے کہ زیارتِ اربعین کے دوران کربلا میں ہونے والے تمام مناظر دنیا تک پہنچائے جائیں۔ یہ مرکز، روضۂ امام حسینؑ، روضۂ حضرت عباسؑ اور بین الحرمین کے علاقے سے براہِ راست نشریات فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال اربعین کی براہِ راست نشریات 80 سے زائد سیٹلائٹ چینلز پر نشر کی جاتی ہیں، اور اس سال عرب دنیا سے باہر کے نئے چینلز کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے تاکہ وہ بھی ان نشریات سے استفادہ کر سکیں۔
مرکزِ تولیدات فنی و پخش مستقیم الکفیل، آستانِ عباسی کے میڈیا یونٹ کا ایک خصوصی شعبہ ہے جو براہِ راست نشریات، ٹی وی پروگرامز اور دستاویزی فلموں کی تیاری سمیت مختلف خدمات فراہم کرتا ہے۔
اس سے قبل بھی یہ شعبہ زیارتِ اربعین کے لیے ایک خصوصی میڈیا سینٹر قائم کر چکا ہے، جس کا مقصد اربعین کی کوریج کرنے والے صحافیوں اور میڈیا اداروں کی سہولت کاری ہے۔
سید علی البدری کے مطابق، یہ مرکز مسلسل تیسرے سال کھولا جا رہا ہے تاکہ ملکی اور بین الاقوامی میڈیا تنظیموں کے صحافیوں کا خیرمقدم کیا جا سکے اور انہیں ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔/
4299206