ایکنا نیوز، المنار نیوز چینل کے مطابق حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل، شیخ نعیم قاسم، نے گذشتہ روز بعلبک شہر میں اربعین حسینی کے اختتامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا: امام حسینؑ نے اپنی جدوجہد امتِ رسولؐ کی اصلاح اور دین کو اس کے صحیح راستے پر واپس لانے کے لیے مختلف پہلوؤں سے انجام دی۔ دین کا قیام عزت، بلند حوصلے اور مضبوط موقف کے ساتھ چیلنجز کا سامنا کر کے ہوتا ہے، اور یہی وہ کام ہے جو امام حسینؑ نے اہل بیتؑ اور اپنے اصحاب کے ساتھ مل کر کیا۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا: آج ہم اپنی زندگی اس حسینی و زینبی اصول پر تعمیر کر رہے ہیں جو قربانی اور ایثار پر مبنی ہے، اور ہم اپنے بچوں کو اسی بنیاد پر تربیت دے رہے ہیں تاکہ وہ صحیح انسانی موقف اختیار کریں، اور ہَیهات مِنّا الذِّلَّه کے مصداق، ذلت کو ہرگز قبول نہ کریں۔
حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مزاحمت، مکتبِ کربلا کا نتیجہ اور امتِ اسلامی کی حیات ہے۔ ہم مزاحمت کے ساتھ ہیں، فلسطین کے ساتھ ہیں، اور یزیدِ وقت یعنی امریکہ اور اسرائیل کے خلاف ہیں اور حق کے حامی ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر دوٹوک الفاظ میں کہا: جب تک صہیونی دشمن کی جارحیت اور حملے جاری رہیں گے، مزاحمت اپنا اسلحہ نہیں چھوڑے گی۔ ہم اپنا اسلحہ ہرگز نہیں ڈالیں گے، اور ضرورت پڑنے پر کربلا کے انداز میں لڑیں گے، اور ہمیں یقین ہے کہ ہم ضرور کامیاب ہوں گے۔/
4300008