صلاحیتوں کو ڈھونڈنے کے لیے مصر میں سب سے بڑا قرآنی ٹی وی مقابلہ

IQNA

صلاحیتوں کو ڈھونڈنے کے لیے مصر میں سب سے بڑا قرآنی ٹی وی مقابلہ

6:03 - August 18, 2025
خبر کا کوڈ: 3519006
ایکنا: وزارت اوقاف مصر نے میڈیا سروسز کمپنی المتحده کے تعاون سے مصر کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیلی ویژن مقابلہ کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد تلاوت قرآن میں نئے اور باصلاحیت قاریوں کو سامنے لانا ہے۔

ایکنا نیوز- صدی البلد نیوز کے مطابق، یہ اقدام وزارت اوقاف اور کمپنی المتحده کے درمیان کئی ماہ سے جاری مشاورت اور ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔ کمپنی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس منصوبے کے تمام فنی پہلوؤں کی نگرانی کرے، جبکہ وزارت اوقاف اس کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔ یہ پروگرام کمپنی کے ذیلی سیٹیلائٹ چینلز سے نشر کیا جائے گا۔

گزشتہ جون میں وزیر اوقاف اسامہ الازہری نے کمپنی المتحده کے پروگرام ڈویژن کے سربراہ احمد فایق سے ملاقات کی، جس میں مقابلے کے حتمی ڈھانچے اور اس کے بہترین انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔

یہ ٹی وی پروگرام ایک مسابقاتی انداز میں ترتیب دیا گیا ہے، جس کے ذریعے نئی نسل کے ایسے قاری سامنے آئیں گے جو مصر کے مایہ ناز قراء جیسے استاد عبدالباسط، منشاوی اور مصطفی اسماعیل کے اسلوب میں اپنی قرائت پیش کریں گے۔ اس کا بنیادی مقصد نوخیز قاریوں کی حوصلہ افزائی اور مصر کے علاقائی و بین الاقوامی قرآنی کردار کو مزید فروغ دینا ہے۔

اس مقابلے کی نگرانی ماہر علما اور مصری قرآنی ماہرین کی کمیٹیاں کریں گی، جو ملک کے مختلف صوبوں سے آنے والے شرکاء کو حسنِ صوت اور درست تلاوت کے معیارات پر پرکھیں گی۔

یہ مقابلہ تمام عمر کے افراد کے لیے کھلا ہے، جن میں ائمہ جماعت اور خوش الحان قاری بھی شامل ہیں۔ شرائط میں مکمل تجوید پر عبور، ترتیل یا تحقیق میں سے کسی ایک طرز کا انتخاب، سرکاری طور پر وزارت اوقاف یا ریڈیو کے منظورشدہ قاری نہ ہونا شامل ہیں۔

مرحلۂ اوّلی صوبائی سطح پر 16 اگست 2025 سے شروع ہو کر 3 ستمبر 2025 تک جاری رہے گا۔ اس میں 4 ہزار 708 افراد شریک ہوں گے۔ اس کے بعد مرکزی ابتدائی مرحلہ 6 تا 11 ستمبر 2025 کو مصر کی اوقاف انٹرنیشنل اکیڈمی میں 300 منتخب شرکاء کے ساتھ ہوگا۔

مرحلۂ فائنل سے قبل 28 فائنلسٹ کو 25 ستمبر کو کیمرے کے سامنے تلاوت پیش کرنے کی خصوصی تربیت دی جائے گی، جبکہ حتمی مقابلہ اکتوبر 2025 میں منعقد ہوگا۔/

 

4300160

نظرات بینندگان
captcha