دوحه اجلاس کا اختتامی اعلامیہ جاری

IQNA

دوحه اجلاس کا اختتامی اعلامیہ جاری

7:09 - September 17, 2025
خبر کا کوڈ: 3519171
ایکنا: قطر پر صہیونی جارحیت کی شدید مذمت، امن کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔

الجزیرہ کے مطابق، عرب و اسلامی ممالک کے سربراہان نے دوحہ میں ہونے والے اجلاس کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیہ میں قطر پر اسرائیلی جارحیت کو شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے "بزدلانہ اور غیر قانونی حملہ" قرار دیا، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایسے مقام پر حملہ جو غزہ بحران میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا تھا، نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ عالمی سطح پر جاری امن کوششوں کے لیے بھی بڑی رکاوٹ ہے۔

سربراہان نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے جواب میں قطر کے ہر اقدام کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے اس حملے کے مقابلے میں قطر کے دانشمندانہ اور مہذب موقف کو بھی سراہا۔

اعلامیہ میں قطر، مصر اور امریکہ کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت پر زور دیا گیا اور دوحہ کے علاقائی سلامتی کے استحکام میں تعمیری کردار کو سراہا گیا۔

مزید کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے قطر پر دوبارہ حملے کی دھمکیاں ناقابلِ قبول ہیں اور اصل مقصد ثالثی کے کردار کو کمزور کرنا اور غزہ پر جاری حملوں کو برقرار رکھنا ہے۔ شرکاء نے اسرائیلی منصوبوں کے خلاف خبردار کیا جو خطے میں نئے حقائق مسلط کرنے اور عرب و اسلامی ممالک کے اجتماعی تحفظ کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش ہیں۔

اعلامیہ میں صہیونی پالیسیوں کی مذمت کی گئی جن کے نتیجے میں غزہ میں بے مثال انسانی المیہ پیدا ہوا ہے۔ فلسطینی عوام کی جبری ہجرت کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے فوری اقدام کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں شریک رہنماؤں نے اسرائیل کو سزا سے استثنیٰ ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اس کی اقوامِ متحدہ میں رکنیت معطل کرنے کے لیے مربوط کوششوں پر اتفاق کیا۔

مزید برآں، انہوں نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور ہونے والی "اعلامیہ نیویارک" کا خیرمقدم کیا جو دو ریاستی حل سے متعلق ہے اور اسرائیل کی جانب سے اسلاموفوبیا کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے جواز کے طور پر استعمال کرنے کی شدید مخالفت کی۔/

 

4305243

 

 

نظرات بینندگان
captcha