شارجہ میں عراقی قاری رعد الکردی کے قرآنِ مرتل کی رونمائی

IQNA

شارجہ میں عراقی قاری رعد الکردی کے قرآنِ مرتل کی رونمائی

9:39 - September 21, 2025
خبر کا کوڈ: 3519192
ایکنا: شارجہ کے ادارہ قرآن کریم میں مشہور عراقی قاری رعد محمد الکردی کے قرآنِ مرتل کی رونمائی کی گئی۔

ایکنا نیوز- العین نیوز کے مطابق شارجہ کے حاکم شیخ سلطان بن محمد القاسمی نے اس تقریب میں قرآن مرتل (روایت حفص عن عاصم) کا باضابطہ افتتاح کیا۔

تقریب میں شیخ القاسمی نے قراء حضرات کی مختلف تلاوتوں کی ریکارڈنگ کے سلسلے میں کوششوں کو سراہا اور رعد الکردی کو اس قرآن مرتل کی تکمیل پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اماراتی قاری محمود سویدان کی بھی تعریف کی جنہوں نے مختلف روایات میں تین قرآن مرتل پیش کیے ہیں۔

شیخ القاسمی نے کہا کہ یہ کاوشیں قرآن کے پیغام کو عام کرنے، تلاوت و حفظ کو آسان بنانے اور محققین، حفاظ اور قرآنی علوم کے شائقین کے لیے ایک معتبر و مستند صوتی ماخذ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات مجمع قرآن شارجہ کے متعدد قرآنی منصوبوں کا حصہ ہیں جو دنیا بھر کے مسلمانوں کی خدمت کے لیے شائع شدہ مطبوعات، ڈیجیٹل ایپلیکیشنز اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انجام دیے جا رہے ہیں۔

آخر میں انہوں نے محققین اور قرآن سیکھنے والوں پر زور دیا کہ وہ رعد الکردی کے قرآن مرتل سے استفادہ کریں اور قرآن کی خدمت، تعلیم اور اس کے پیغام کے فروغ کی راہ میں اپنی کوششیں جاری رکھیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ رعد الکردی کا تعلق عراق کے شہر کرکوک سے ہے جہاں وہ 1991 میں پیدا ہوئے۔ بچپن میں ہی انہوں نے مختلف قرآنی مقابلوں میں حصہ لے کر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ سن 2007 میں، صرف 15 سال کی عمر میں، وہ کرکوک کی "امام شافعی مسجد" کے امام جماعت بنے اور بارہا نمازِ جماعت میں قرآن کی تلاوت کی۔

انہوں نے ابو ظہبی کی شیخ زاید مسجد، دبئی کی جامع احمد الحبای مسجد اور کویت کی مختلف مساجد میں بالخصوص رمضان المبارک کے دوران قرآن کی تلاوت کی ہے۔ آج رعد الکردی کے قرآن مرتل کو دنیا بھر میں بے شمار سامعین دلچسپی سے سنتے ہیں۔/

 

4305904

ٹیگس: عراق ، قاری ، ترتیل
نظرات بینندگان
captcha