ایکنا نیوز کے مطابق، ماموستا فائق رستمی، جو کردستان کے عوام کے نمائندہ ہیں اور سنیندج کے امام جمعہ بھی ہیں، نے آج 26 مهر کو سنیندج کے فجر کمپلیکس میں منعقدہ 48ویں قومی قرآن مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قرآنِ کریم کے مقام و مرتبے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ: قرآن کی تعظیم دراصل اس الہٰی منبع کی عظمت کا اعتراف ہے جو حکمت، شفا، رحمت اور فردی و اجتماعی ترقی کا سرچشمہ ہے۔
ماموستا رستمی نے کہا کہ قرآنِ مجید کی عظمت ایسی ہے کہ نہ صرف مسلمان بلکہ بہت سے غیر مسلم مفکرین اور دانشور بھی اس کی الہٰی تاثیر اور فصاحت کے معترف ہیں۔ انہوں نے ایک غیر مسلم دانشور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس کے پاس ہزاروں کتابیں تھیں، مگر قرآن واحد کتاب تھی جس نے اسے یہ یقین دلایا کہ یہ نہ انسان کا کلام ہے نہ جنات کا، بلکہ ایک الہٰی پیغام ہے جو انسانیت کو حرکت، انصاف، رحمت اور فلاح کی طرف بلاتا ہے۔
انہوں نے نبی اکرم ﷺ کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: دل لوہے کی طرح زنگ آلود ہوجاتے ہیں، اور انہیں صرف قرآن ہی جلا بخشتا ہے اور سکون عطا کرتا ہے۔ ماموستا رستمی نے کہا کہ قرآن انسان کو نور، برکت اور روحانی سکون کی طرف رہنمائی کرنے والا چراغِ ہدایت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کردستان، خصوصاً سنیندج میں ہزاروں قراء کا وجود اس بات کی علامت ہے کہ عوام قرآن سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ ان کے بقول، قرآن صرف ایک دینی کتاب نہیں بلکہ ایک جامع دستورِ حیات ہے جو انسان کو معیشت، ثقافت، سیاست اور معاشرت کے تمام پہلوؤں میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس قرآنی مقابلے میں تقریباً 50 قرآنی ماہرین اور اساتذہ مرد و خواتین کے دو حصوں میں ججنگ اور داوری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ یہ مقابلے تقریباً 10 دن تک جاری رہیں گے اور 5 آبان کو اختتامی تقریب اور نتائج کے اعلان کے ساتھ اختتام پذیر ہوں گے۔/
4311361