ایکنا، روایت سازی کی جنگ میں قرانی علمبردار ہے

IQNA

حجت‌الاسلام قمی:

ایکنا، روایت سازی کی جنگ میں قرانی علمبردار ہے

5:52 - November 17, 2025
خبر کا کوڈ: 3519500
ایکنا: ملکی قرآنی ثقافتی ترقی کونسل کے سربراہ نے بین الاقوامی قرآنی خبر رساں ایجنسی (ایکنا) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایکنا قرآنی تبیین کی تحریک کا عَلَم بردار ہے۔

ایکنانیوز کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین محمد قمی، جو کہ ملک کی قرآنی ثقافتی ترقی کونسل اور تنظیمِ تبلیغاتِ اسلامی کے سربراہ ہیں، نے ایکنا کے بائیسویں یومِ تاسیس کے موقع پر اس کا دورہ کرتے ہوئے قرآنی میڈیا کے مقام اور اسلامی نظام کی قرآنی ذمہ داریوں سے متعلق بامعنی اور صمیمی گفتگو کی۔

انہوں نے اپنی بات کا آغاز سورۂ نصر کی تلاوت سے کیا اور خدمتِ قرآن کے منصب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ہم قرآن کے خادم ہونے سے محبت رکھتے ہیں اور فخر کے ساتھ خود کو خادمِ خادمانِ قرآن سمجھتے ہیں۔ آج مختلف میدانوں میں قرآن کے خادم موجود ہیں اور ہر کوئی اپنے دائرے سے قرآنی معاشرے کی تشکیل کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔ ہمارا مقصد ایک ہے: قرآن لوگوں کی زندگی کے متن میں جاری ہو اور ہمارا معاشرہ حقیقی معنوں میں قرآنی بن جائے۔

ایکنا کی خدمات کو خراج

قرآنی ثقافتی ترقی کونسل کے سربراہ نے ایکنا کو اس راستے میں پیش پیش میڈیا قرار دیتے ہوئے کہا: میڈیا کے میدان میں قرآن کے لیے بہترین خدمات میں سے ایک نمایاں خدمت ایکنا نے انجام دی ہے۔ میری نگاہ میں یہ وہ کام ہے جس پر ‘قَليلُ المؤونةِ، كثيرُ المَعونةِ’ صادق آتا ہے؛ یعنی وسائل کم مگر برکت اور اثر بہت زیادہ۔ البتہ ابھی ہمارے سامنے طویل راستہ موجود ہے تاکہ ہم قرآن کے حقوق کو صحیح طرح ادا کرسکیں۔

سماجی اور حکومتی میدانوں میں قرآن کی مہجوریت

انہوں نے مزید کہا: ابھی بھی ہمیں اعتراف کرنا چاہیے کہ ہماری سماجی اور حکومتی زندگی کے بہت سے میدانوں میں قرآن مہجور ہے۔ قرآن کے خادم، جن میں ایکنا بھی شامل ہے، اس مہجوریت کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ قرآن کو حاشیے سے نکال کر لوگوں کی زندگی کے اصل متن میں لایا جا سکے۔ یہ ایک عظیم رسالت ہے جو فن، میڈیا اور درست فہم کے ساتھ جاری رہنی چاہیے۔

قرآنی سرگرمیوں میں عوامی اقدامات کی اہمیت

رئیس تنظیمِ تبلیغات اسلامی نے یہ بھی کہا کہ عوامی سطح پر ہونے والی قرآنی سرگرمیوں کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور میڈیا کے ذریعے ان کی صحیح ترجمانی ضروری ہے: “ہماری کونسل اور تنظیم کا ہمیشہ یہ مؤقف رہا ہے کہ عوامی قرآنی سرگرمیوں کو زیادہ سنجیدگی سے لیا جائے۔ حکومتی ادارے تو اپنی سرگرمیوں کو نمایاں کر ہی لیتے ہیں، لیکن اصل ضرورت ان خودجوش عوامی تحریکوں کی حمایت ہے، جسے ایکنا نہایت ذمہ داری اور دقت کے ساتھ انجام دے رہا ہے۔

قرآن کو زندگی کی روح بننا چاہیے

اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں حجت الاسلام والمسلمین قمی نے ایکنا کی بین الاقوامی حیثیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: بدقسمتی سے عالمِ اسلام میں کوئی دوسری قرآنی خبر رساں ایجنسی موجود نہیں۔ یہ ہمارے لیے اعزاز ہے کہ ایران میں ایک ایسا میڈیا موجود ہے جو قرآن کو زندگی کے متن میں لانے کا مشن رکھتا ہے، نہ کہ اسے حاشیے تک محدود کرنے کا۔ قرآن زندگی کی روح، معاشرے کا نور اور عوام و حکام کے فیصلوں کا رہنما ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا: ایکنا اور قرآنی یونیورسٹیوں کا میڈیا ادارہ اپنی علمی، میڈیا اور ٹیکنالوجیکل صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے جِہادِ تبیین اور بیانیوں کی جنگ کے میدان میں پہلے سے زیادہ موثر اور روشن کردار ادا کر سکتے ہیں۔ آج ہم افکار اور بیانیوں کی جنگ کے دور میں ہیں، اور اگر قرآنی میڈیا کا مضبوط اور وسیع کردار نہ ہو تو یہ جدوجہد نتیجہ خیز نہیں ہو سکتی۔/

 

 

نظرات بینندگان
captcha