عمان؛ سلطان قابوس قرآنی مقابلوں کا فائنل مرحلہ

IQNA

عمان؛ سلطان قابوس قرآنی مقابلوں کا فائنل مرحلہ

6:20 - December 03, 2025
خبر کا کوڈ: 3519587
ایکنا: سلطان قابوس عمان کے 33ویں سالانہ مقابلوں کا فائنل مرحلہ کل بروز جمعرات جامع مسجد سلطان قابوس میں منعقد ہوگا۔

ایکنا نیوز، روزنامہ "عمان ڈیلی" نے رپورٹ دیا ہے کہ سلطان قابوس قرآنی مقابلوں کا یہ 33واں دور، جو مرکزِ عالیِ ثقافت و علوم سلطان قابوس کی جانب سے منظم اور نگرانی کیا جاتا ہے، کل مسقط میں اپنے اختتام کو پہنچے گا۔

یہ مقابلے، جو عمان میں حفظ اور قرأتِ قرآن کے نمایاں ترین مقامی مقابلوں میں شمار ہوتے ہیں، ہر سال سلطنتِ عمان کے مختلف صوبوں سے حافظانِ قرآن کی وسیع شرکت کے گواہ بنتے ہیں۔

حتمی مرحلے کی جیوری کے رکن عبداللہ بن سعید القنوبی نے بتایا کہ ان مقابلوں کے لیے مقرر کردہ جانچ کے معیار نہایت دقیق ہیں۔ ان کے مطابق مجموعی اسکور 100 نمبر پر مشتمل ہے، جس کی تقسیم یہ ہے: 75 نمبر حفظ کے لیے، 20 نمبر تجوید (قواعدِ تلاوت) کے لیے، اور 5 نمبر ادائیگی (پرفارمنس) کے لیے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس سال جیوری نے شرکاء کے معیار کی باریک بینی سے جانچ کی ہے، خاص طور پر آواز کی خوبصورتی، تلاوت کی روانی، اور حروف کی صحیح ادائیگی و مخارج پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

دوسری جانب، ابتدائی مرحلے کے جج ابراہیم بن حمود بن حرب البوسعیدی نے بتایا کہ عام طور پر ہر سطح سے آٹھ شرکاء فائنل مرحلے کے لیے منتخب ہوتے ہیں، تاہم اگر کچھ شرکاء کے نمبر برابر ہوں تو یہ تعداد نو تک بھی پہنچ سکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سال ابتدائی مراحل میں شرکت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور شرکاء کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک ہزار سے تجاوز کر گئی۔

البوسعیدی نے اس بلند شرحِ شرکت کو عمانی معاشرے میں قرآن کریم کی اہمیت کے شعور اور اس کی تعلیمات سے مضبوط وابستگی کا مظہر قرار دیا۔

جیوری کے اراکین نے ممکنہ حد تک زیادہ شرکاء کو موقع فراہم کرنے کے لیے ملک کے مختلف صوبوں میں قائم 25 مراکز کا دورہ کیا۔ ان مراکز میں مسقط، شمالی و جنوبی باطنہ، داخلیہ، شمالی و جنوبی شرقیہ، ظہیرہ، بریمی، مسندم، ظفار اور وسطی کے مراکز کے علاوہ مرکزی جیل بھی شامل تھی۔

اس سال مقابلے میں مجموعی طور پر 2800 شرکاء نے مختلف شعبوں میں حصہ لیا۔

سلطان قابوس کے قرآنی مقابلے سات شعبوں پر مشتمل ہیں، جو مختلف عمر اور اہلیت کے لحاظ سے ترتیب دیئے گئے ہیں، پورے قرآن کے حفظ سے لے کر سات سال سے کم عمر بچوں کے لیے دو پاروں کے حفظ تک۔ یہ مقابلے قراءتِ حفص عن عاصم کے مطابق منعقد کیے جاتے ہیں۔/

 

4320371

نظرات بینندگان
captcha