ملایشین سیاست دان کی عملی قرآنی تعلیمات پر تاکید

IQNA

ملایشین سیاست دان کی عملی قرآنی تعلیمات پر تاکید

6:49 - December 08, 2025
خبر کا کوڈ: 3519614
ایکنا: سلانگور کے وزیراعلیٰ نے مسلم دنیا کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قرآنی اقدار کو اسلامی معاشروں کی روزمرہ زندگی میں عملی جامہ پہنائیں۔

ایکنا نیوز، برناما نیوز نے خبر دی ہے کہ امیرالدین شری، وزیراعلیٰ ایالت سلانگور، نے ورلڈ قرآن کنونشن 2025 کے افتتاحی پروگرام کے موقع پر مسلم رہنماؤں اور معاشروں سے کہا کہ وہ قرآنی اصولوں کو سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے عملی حکمتِ عملیوں میں تبدیل کریں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قرآن کی تعلیمات نہ صرف فرد کے ایمان کو تشکیل دیتی ہیں، بلکہ یہ پالیسی سازی، اقتصادی منصوبہ بندی اور موجودہ دور کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک عملی خاکہ بھی فراہم کرتی ہیں۔

وزیراعلیٰ سلانگور نے مزید کہا: قرآن وہ متن نہیں جسے دور سے سراہا جائے، بلکہ یہ ہدایت کا زندہ سر چشمہ ہے جو ہماری معیشتوں، اداروں اور معاشروں کے مستقبل کو تشکیل دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کی کئی آیات نظم و ضبط، ٹیم ورک، اور اخلاقی و روحانی اصولوں کے مطابق اقدامات کرنے پر زور دیتی ہیں۔ یہ ایک ایسا اخلاقی فریم ورک ہے جو کمزور طبقات کی حفاظت کرتا ہے، دولت کی منصفانہ تقسیم کو فروغ دیتا ہے، استحصال کو مسترد کرتا ہے اور وقار، شفافیت اور احتساب کی حمایت کرتا ہے۔

مزید برآں، انہوں نے سلانگور کو ان اصولوں کے عملی نفاذ کی بہترین مثال قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے چھوٹے کاروباریوں اور مائیکرو انٹرپرائزز کو مضبوط بنانے، مالیاتی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے، اور خاندانوں کو پائیدار معاش حاصل کرنے کے لیے تربیت و معاونت فراہم کرنے جیسے پروگرام شروع کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ متعدد کوششوں میں سے حلال مینجمنٹ ایک نمایاں مثال ہے کہ کس طرح قرآنی اصولوں کو مؤثر پالیسی میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سلانگور نصف صدی سے زائد عرصے سے حلال نگرانی کو ادارہ جاتی شکل دینے کی کوشش کر رہا ہے اور اسے حکومت، صنعت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری سمجھتا ہے۔ آج سلانگور ملائیشیا کے فعال ترین حلال ایکو سسٹمز میں سے ایک کا میزبان ہے۔

ورلڈ قرآن کنونشن 2025 کا مرکزی موضوع سورہ صف کی روشنی میں عالمی معاشی ترقی کے حل وضع کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

یہ دو روزہ کانفرنس ممتاز مقررین کی میزبانی کر رہی ہے، جن میں

نعمان علی خان، بَیِّنہ انسٹیٹیوٹ کے بانی، عمران علوی، آکسفورڈ انٹیلیکٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور فضل الاسماعیل، وارثان امت اخلاص فاؤنڈیشن کے چیف کنٹینٹ آفیسر کے نام قابل ذکر ہیں۔

مزید یہ کہ ورلڈ قرآن کنونشن 2025 میں "صف 12" نامی مہم کا بھی آغاز کیا گیا ہے،ایک جامع فریم ورک جو سورہ صف کے پیغام کو غور و فکر سے عملی اقدامات اور طویل المدتی اجتماعی تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے امت کے کردار کو بارہ اہم سماجی و اقتصادی شعبوں میں واضح کرتا ہے۔/

 

4321355

نظرات بینندگان
captcha