مصحف رودوسی؛ الجزایری مذہبی تشخص کا اہم ترین عنصر

IQNA

مصحف رودوسی؛ الجزایری مذہبی تشخص کا اہم ترین عنصر

13:19 - April 12, 2026
خبر کا کوڈ: 3520130
مصحف رودوسی الجزائر کے تاریخی قرآنوں میں سے ایک ہے جو اس ملک کی دینی اور تمدنی شناخت میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ایکنا نیوز، نیوز ایجنسی radioalgerie  کے مطابق اس تاریخی قرآن کو سنہ 2022 میں الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون کی ہدایت پر، اس ملک کی قومی حاکمیت کی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر دوبارہ شائع کیا گیا۔

یہ مصحف جو کئی دہائیاں قبل الجزائر میں شائع ہوا تھا، اس ملک کے قرآنی مدارس اور زاویہ (روایتی مکتب خانوں) میں قرآن کی تعلیم کے طریقوں کو سمجھنے کے لیے ایک اہم ماخذ سمجھا جاتا ہے۔

قرآن رودوسی الجزائر کی آزادی کی جدوجہد کے دوران، جب مجاہدین فرانسیسی استعمار کے خلاف برسرِ پیکار تھے، ان کے ہمراہ رہا، اور وقت کے ساتھ یہ اس قومی ورثے کا لازمی حصہ بن گیا جس کے ذریعے الجزائری عوام نے اپنی دینی اور قومی شناخت کو محفوظ رکھا۔

یہ قرآن جب افریقہ کے ساحلی ممالک میں معروف ہوا تو اسے "مصحف الجزائر" کے نام سے پہچانا جانے لگا، اور الجزائر کے افریقہ کے ساتھ گہرے تاریخی و روحانی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے اسے اس خطے کے عوام میں مفت تقسیم کیا گیا۔

اسی طرح، قرآن کریم کی خدمت، اس کی اشاعت اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے الجزائر کی کوششوں کے تحت، اس مصحف کو عالمِ اسلام کے مختلف علاقوں میں بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔

الجزائر کی وزارتِ مذہبی امور و اوقاف نے اس نسخے کو نابینا افراد میں مفت تقسیم کرنے کی ذمہ داری بھی سنبھالی ہے، اور یہ قرآن سنہ 2023 میں ایک منفرد انداز میں دو شکلوں، عام کتابت اور بریل میں شائع کیا گیا۔

ایک خصوصی کمیٹی نے، الجزائر کی قرآن کی نظرثانی اور تحقیقاتی کمیٹی کے تعاون سے، اس قرآن کے بریل ایڈیشن کی اشاعت کی نگرانی کی۔ مصحف رودوسی کے عام اور بریل دونوں نسخے، عالمِ اسلام میں الجزائر کے سفیروں کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں اور کلامِ وحی کی خدمت میں الجزائری عوام کی سنجیدہ کاوشوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

نظرات بینندگان
captcha