حج کے لیے زائرین سعودی عرب پہنچنا شروع

IQNA

حج کے لیے زائرین سعودی عرب پہنچنا شروع

13:27 - April 20, 2026
خبر کا کوڈ: 3520144
سعودی وزارت حج و عمره نے اعلان کیا ہے کہ اس سال فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے زائرینِ بیت اللہ کی سعودی عرب میں آمد کا سلسلہ فضائی، زمینی اور بحری راستوں کے ذریعے شروع ہو چکا ہے۔

ایکنا نیوز-  ویب سائٹ "اخبار 24" کے مطابق  یہ اقدام ایک مربوط نظام کے تحت انجام دیا جا رہا ہے، جس میں خدمات اور سہولیات کو یکجا کیا گیا ہے۔ یہ نظام سعودی قیادت کی ہدایات کے مطابق، وزیر داخلہ اور اعلیٰ حج کمیٹی کے سربراہ عبدالعزیز بن سعود کی نگرانی میں اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے نافذ کیا جا رہا ہے۔

وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ آج فضائی گزرگاہوں پر مختلف ممالک سے آنے والی پروازوں کو قبول کیا گیا، جن میں پاکستان، ترکی، افغانستان، ملائیشیا، بھارت، بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔ مجموعی طور پر تقریباً 30 پروازیں وصول کی گئیں، جو منظم طریقۂ کار اور مربوط خدمات کے تحت تیزی سے اپنے مراحل طے کرتے ہوئے آسانی کے ساتھ اپنی منزلوں کی جانب روانہ ہوئیں۔

وزارت حج نے مزید بتایا کہ ان گزرگاہوں کی عملی تیاری کو بہتر بنانے کے لیے افرادی قوت میں اضافہ کیا گیا ہے، حجاج کے لیے خصوصی راستے فعال کیے گئے ہیں اور استقبال کی سہولیات کو جدید بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کے درمیان زمینی سطح پر ہم آہنگی کو بھی مضبوط کیا گیا ہے تاکہ زائرین کی آمد کے لمحے سے لے کر ان کی نقل و حرکت تک تمام مراحل میں روانی برقرار رہے۔

یہ تمام اقدامات ابتدائی تیاریوں اور ایک جامع آپریشنل منصوبے کا حصہ ہیں، جو 12 ذی الحجہ 1446 ہجری سے شروع کیے گئے ہیں۔ سعودی حکام کی ہدایات کے مطابق ان کا مقصد یہ ہے کہ حجاج کرام اپنے مناسک کو ایک محفوظ، منظم اور سہل ماحول میں، آمد سے لے کر واپسی تک بہترین انداز میں ادا کر سکیں۔

نظرات بینندگان
captcha