الجزایر میں قرآنی مدارس اور مساجد کا افتتاح

IQNA

الجزایر میں قرآنی مدارس اور مساجد کا افتتاح

15:57 - April 15, 2026
خبر کا کوڈ: 3520135
الجزائر کے وزیر برائے مذہبی امور و اوقاف نے صوبہ المدیہ میں متعدد مساجد اور قرآنی مدارس کا افتتاح کیا۔

ایکنا نیوز-  ریڈیو الجزائر کے مطابق الجزائر کے وزیر برائے مذہبی امور و اوقاف، یوسف بلمہدی نے شہر المدیہ میں کئی مساجد اور قرآنی مدارس کا افتتاح کیا۔

بلمہدی نے اپنے دورے کا آغاز بن شیکاو کے علاقے میں مسجد القدس کے افتتاح سے کیا، جس میں 1200 نمازیوں کی گنجائش ہے، اس کے بعد عین بوصیف میں مسجد عمر بن خطاب کا افتتاح کیا گیا، جس میں 5000 سے زائد نمازیوں کی گنجائش ہے۔

انہوں نے دو قرآنی مدارس کا بھی افتتاح کیا۔ پہلا مدرسہ العماریہ میں واقع ہے، جس میں درسی کمرے، طلبہ کے لیے ہاسٹل، ایک کیفے ٹیریا اور ایک لیکچر ہال شامل ہے۔ دوسرا مدرسہ اولاد ابراہیم کے علاقے میں واقع ہے، جس میں قرآنی تعلیم اور قرأت کے لیے کلاس رومز، ایک لائبریری اور ایک نماز ہال موجود ہے۔

یہ مدرسہ اس وقت تقریباً 470 طلبہ کو تعلیم فراہم کر رہا ہے، جبکہ 114 طلبہ خواندگی کی کلاسوں میں بھی رجسٹرڈ ہیں۔

وزیر نے 2800 نمازیوں کی گنجائش والی ایک زیر تعمیر مسجد کے منصوبے کا بھی دورہ کیا، جس میں قرآن کی تعلیم اور قرأت کے لیے متعدد کلاس رومز شامل ہوں گے۔ اس منصوبے پر 30 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

اپنے دورے کے دوران وزیر نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ نئے قائم ہونے والے اور پہلے سے فعال قرآنی مدارس میں طلبہ کے اندراج کے عمل کو آسان بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ان خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

بلمہدی نے مدرسہ العماریہ میں شعبے کے ذمہ داران سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ قرآنی مدارس اور ثقافتی مراکز نے فرانسیسی استعمار کے دور میں اور آج تک الجزائر کی شناخت کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے ان مدارس کو شعور و آگاہی کے مراکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قومی شناخت کی تشکیل اور دینی ورثے کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ مزید برآں، یہ مدارس معاشرے کو سماجی برائیوں سے محفوظ رکھنے اور امن و ہم آہنگی کے پیغام کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

نظرات بینندگان
captcha