ایکنا نیوز- سعودی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مکہ کا قرآن میوزیم، جو حرا کے ثقافتی علاقے میں واقع ہے، اسلامی فن کے نادر ترین خزینوں میں سے ایک کا حامل ہے۔ اس میوزیم میں ایک منفرد سرامیکی تختی پیش کی گئی ہے جس پر قرآنِ کریم کی ابتدائی آیات کو نہایت خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ اس شاہکار میں اسلامی خطاطی کی شان کو باریک تزئینی فنون کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے۔
یہ سرامیکی تختی ایک نفیس مخطوطہ قرآن سے ماخوذ ہے، جسے مصطفیٰ ذوالفقار نے گیارہویں صدی ہجری میں تحریر کیا تھا۔ قرآن کی ابتدائی آیات کو سرامک پر دوبارہ تخلیق کیا گیا ہے، جو فنکارانہ تخلیق اور قرآنِ کریم کو مختلف فنون کے ذریعے محفوظ کرنے کی تاریخی دلچسپی کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
اصل قرآن، ملک عبدالعزیز کمپلیکس کی وقفی کتب خانوں کے مجموعے میں محفوظ ہے، جو نادر اسلامی مخطوطات کی حفاظت اور نگہداشت کے حوالے سے ایک ممتاز ادارہ ہے۔
یہ فن پارہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مسلمان صدیوں سے قرآنِ کریم کو مزین کرنے اور اسے نہایت خوبصورت انداز میں پیش کرنے کے کتنے مشتاق رہے ہیں۔ اس تختی کی باریک تفصیلات، رنگوں کی ہم آہنگی اور دقیق ترتیب اعلیٰ درجے کی مہارت کی عکاسی کرتی ہے۔
اس مخطوطہ کی نمائش قرآن میوزیم کی ان کاوشوں کا حصہ ہے، جن کا مقصد اسلامی ورثے کو اجاگر کرنا اور مختلف ادوار میں قرآنی خطاطی کے ارتقا کو زائرین کے سامنے پیش کرنا ہے۔ یہ نمائش ان فن پاروں کے تنوع کو بھی نمایاں کرتی ہے، چاہے وہ خطاطی ہو، تزئینات ہوں یا پیشکش کے طریقے۔
اس طرح کی نمائشیں ثقافتی شعور کو فروغ دینے اور اسلامی فنون کے تمدنی پہلو کو اجاگر کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ یہ فنون محض جمالیاتی حسن تک محدود نہیں بلکہ اپنے اندر گہرے روحانی اور ثقافتی معانی بھی رکھتے ہیں، اور مسلمانوں کے اپنے مقدس کتاب کے ساتھ تعلق کی عکاسی کرتے ہیں۔
4346216