ایکنا نیوز- دنیا بھر کی طرح پاکستان اور بلوچستان میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں اور مختلف مذہبی اور سیاسی گروپوں کی جانب سے مظاہرے کیے جارہے ہیں ۔
جمعیت علمائے اسلام نظریاتی گروپ نے مختلف ریلیوں اور مظاہروں میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئےاسلامی ممالک اور پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی عوام کی مدد کے لیے ہر قسم کا تعاون کیا جائے اور علماء اور مفتی حضرات اسرائیل کے خلاف جہاد کا فتوی صادر کریں۔
جماعت اہلسنت کی جانب سے بھی مختلف سطح پر احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت کے علماء نے کہا کہ اس وقت ہر مسلمان کا دل خون روتا ہے اور عالمی برادری اور اسلامی حکمران خاموشی تماشائی بنے بیھٹے ہیں۔ مظاہرین سے خطاب میں علماء اہلسنت نے مطالبہ کہا کہ حکومت ہمیں اجازت دے تو ہم فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ لڑائی میں حصہ لیکر اسرائیل کے ارادے خاک میں ملا دیں گے۔