ایکنا نیوز- مجلس وحد ت مسلمین پاکستان، بلوچستان کی جانب سے گذشتہ روزاسرائیلی مظالم کے خلاف علمدار روڑ میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز مسجد خاتم الانبیاء سے ہوا اور شہداء چوک پر اختتام پذیر ہوا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ کوئٹہ اور وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما سید ہاشم موسوی نے اسرائیلی مظالم پر اسلامی دنیا کے حکمرانوں کی خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے خلاف سازشوں کا مرکز امریکہ ۔اسرائیل اور برطانیہ ہے اور شیطان پرستوں کی جنگ مسلمانوں کے خلاف ایک منصوبے کے تحت جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ عراق ، شام ، پاکستان اور غزہ میں بہنے والے مسلم خون ایک ہی سازش کا نتیجہ ہے اور ان سب کے پیچھے امریکہ اور اسرائیل کا ہاتھ نظر آتا ہے ۔
مظاہرین سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ یزید اور شمر کو برا بھلا کہنے والوں پر لازم ہے کہ وقت کے یزید امریکہ اور اسرائیل کے خلاف آواز بلند کرے کیونکہ حدیث کے مطابق جو مظلوم کی فریاد سن کر مدد نہ کرے وہ مسلمان نہیں۔
مظاہرے اور ریلی کے آخر میں مظاہرین نے اسرائیلی پرچم نذر آتش کی اور اسرائیل و امریکہ کے خلاف نعرے لگائے۔
اس مظاہرے میں بڑی تعداد میں مردوں کے علاوہ خواتین بھی شریک تھیں ۔