ایکنا نیوز-کراچی/لاہور/پشاور/کوئٹہ/اسلام آباد : ملک بھر میں عیدالفطر کے برے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، نماز عید میں ملکی سلامتی و خوش حالی اور قیام امن کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ عید کے موقع پر ملک بھر میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے۔ اس موقع پر آرمی چیف، صدر اور وزیراعظم نے قوم کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں شامل فوجی جوانوں کے ساتھ شمالی وزیرستان میں عید کی نماز ادا کی، اس موقع پر ملک اور قوم کیلئے جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔ صدر اور وزیر اعظم نے اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز عید الفطر ادا کی۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم نے قوم کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غریب رشتہ داروں، بہن بھائیوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں، عید خوشی کا دن ہے،اصل خوشی آئی ڈی پیز کی گھروں کو واپسی پر ہوگی، صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ اہل وطن کو اپنے حفظ وامان میں رکھے،عوام نادار اور مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔
کراچی میں نماز عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع باغ جناح پولو گراؤنڈ میں منعقد ہوا، جس میں گورنر سندھ ، صوبائی وزرا، اور دیگر اہم سخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں منعقد ہوا، گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ سندھ سمیت مختلف شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے بادشاہی مسجد میں نماز عید الفطر ادا کی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصرالملک نے آبائی شہر مینگورہ میں نماز عید ادا کی، سابق چیف جسٹس آف پاکستان چیف جسٹس افتخار چوہدری نے کوئٹہ میں نماز عید ادا کی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں موسلادھار بارش کے باعث کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منسوخ کردیئے گئے، دوسری جانب گوجرانوالہ میں خرم دستگیر نے نماز عید جامعہ مسجد سیٹلائٹ ٹاون میں ادا کی، اس موقع پر خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، 14اگست کو آزادی منائیں گے، فسادیوں سے جان چھڑائیں گے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں 250 مقامات پر نماز عید الفطر کے اجتماعات منعقد ہوئے، پشاور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں نمازِ عید کے اجتماعات میں سیکورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئی۔ اس سال بھی ملک میں دو عیدوں کی روایت برقرار رہی اور پیر کو صوبہ خیبر پختونخوا اور فاٹا کے مختلف علاقوں میں عید منائی گئی۔
کوئٹہ میں نماز جمعہ عیدگاہ علمدار روڑ میں ادا کی گئی۔ نماز میں غزہ عوام کی کامیابی اور صھیونی رژیم کی نابودی کی دعا کی گئی۔