ایکنا نیوز- ایران ریڈیو-عراق میں انسانی حقوق کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اس ملک میں 24 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
کل العراق نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق میں انسانی حقوق کمیشن کے رکن، فاضل الغراوی نے آج کہا کہ ان بے گھر ہونے والوں میں چار لاکھ بچے بھی ہیں۔ الغراوی نے مزید کہا کہ یہ افراد شمالی عراق میں تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کے عناصر کے داخل ہونے کے بعد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔
عراق میں انسانی حقوق کمیشن کے رکن نے کہا کہ بے گھر ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو اس وقت شدید قسم کی مشکلات کا سامنا ہے اور سب سے زیادہ خطرات بچوں اور خواتین کو لاحق ہیں۔ الغراوی نے کہا کہ عراقی پناہ گزینوں کو میڈیکل کی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے جبکہ غذائی اشیاء کی قلت بھی عراقی پناہ گزینوں کی ایک بڑی مشکل شمار ہوتی ہے۔