داعش کیخلاف کارروائیوں پر سعودی پائلٹوں کو دھمکیاں

IQNA

داعش کیخلاف کارروائیوں پر سعودی پائلٹوں کو دھمکیاں

19:14 - September 26, 2014
خبر کا کوڈ: 1454077
بین الاقوامی گروپ:شام میں دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) کے خلاف فضائی کارروائی میں حصہ لینے والے سعودی پائلٹوں کو قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

ایکنا نیوز- شفقنا- سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی جانب سے آٹھ ہوا بازوں کی تصاویر شائع کی گئیں ہیں، جنہوں نے عرب ممالک کے ساتھ مشترکہ طور پر شروع کیے گئے آپریشن میں حصہ لیا تھا۔

ان پائلٹوں میں سعودی ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز کا ایک بیٹا بھی شامل ہے۔

ایک تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ تمام پائلٹ سبز رنگ کے فلائٹ سوٹ میں ملبوس ایک دوسرے کے گرد ہاتھوں کا گھیرا تنگ کیے کھڑے ہیں اور ان میں سے کچھ مسکرا رہے ہیں۔

داعش کے خلاف عرب ممالک اور امریکا کے مشترکہ آپریشن میں فضائی کارروائی کے نتیجے میں اسلامک اسٹیٹ اور القاعدہ کے متعدد عسکریت پسند ہلاک ہو چکے ہیں، جس کے بعد ان کی جانب سے آپریشن میں حصہ لینے والے سعودی پائلٹوں کو انٹرنیٹ پر دھمکیاں ملنی شروع ہو گئی ہیں۔

ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ سعودی پائلٹ داعش کو مطلوب ہیں اور جلد ان کا سر بھی قلم کردیا جائے گا۔

تاہم انٹرنیٹ استعمال کرنے والے کچھ افراد کی جانب سے سعودی ہوا بازوں کا دفاع بھی کیا گیا ہے۔

سعودی اخبار کے مطابق اسلامک اسٹیٹ کے خلاف آپریشن میں اپنا کرادار ادا کرنے کے بعد سعودی پائلٹ منگل کو بحافظت وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

مذکورہ آپریشن میں سعودی عرب، بحرین اور اردن کی شرکت کی تصدیق کی جا چکی ہے جبکہ امریکا کے مطابق قطر بھی اس آپریشن میں حصہ لے رہا ہے۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے اور دیگر پائلٹوں نے اپنے مذہب، ملک اور اپنے بادشاہ سے وفاداری کا ثبوت دیا ہے اور مجھے اپنے بیٹے کی بہادری اور  سوچ پر فخر ہے۔

34484

ٹیگس: داعش ، پایلٹ ، سعودی
نظرات بینندگان
captcha