ایکنا نیوز-مجلس وحدت مسلمین پاکستان (کوئٹہ ڈویژن) کے زیر اہتمام چھٹی اجتماعی شادیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس مرتبہ 13 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کروائی گئی۔ جن میں 6 جوڑے اہلسنت برادران کے تھے۔ اس پرنور محفل میں ممبر بلوچستان اسمبلی محترمہ یاسمین لہڑی صاحبہ اور سید محمد رضا ( آغا رضا ) اور دیگر مہمانان خاص مدعو تھے۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی اور ڈپٹی سیکریڑی جنرل کوئٹہ ڈویژن شیخ ولایت حسین جعفری نے جوڈوں میں فی کس مبلغ پچاس ہزار روپے تقسیم کیے۔
شادی کی تقریب میں شریک مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ یاسمین صاحبہ نے کہا کہ میں مجلس وحدت مسلمین اور ایم پی اے آغا رضا کے عملی کاموں کو سنتی رہتی تھی لیکن آج خود بنفس نفیس دیکھ بھی رہی ہوں۔ اس تقریب سے معلوم ہوا کہ بلوچستان میں کوئی فرقہ واریت نہیں ہے بلکہ شیعہ سنی دونوں ایک ہی جگہ اکٹھے ہیں اور ایک ہی دسترخوان پر اکٹھے بیٹھے ہیں۔ آخر میں محترمہ نے فرمایا کہ مجلس وحدت مسلمین کی نیک کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں اور مجھ سے جو بھی ہوسکے خدمت کے لیے تیار ہوں۔ تقریب کا اختتام دعا امام زمانہ (عج) سے ہوا۔