ايران كی قرآنی خبر رساں ايجنسی ايكنا نے جنگ نيوزكے حوالے سے رپورٹ دی ہے كہ
ايران نے كہا ہے كہ اقوام متحدہ كی سيكورٹی كونسل كو يورينيم كی افزودگی كے پروگرام كو روكنے كا اختيار نہیں،ايران كے وزير خارجہ منوچہر متقی نے نكارا گوا میں مترجم كی مدد سے پريس كانفرنس كرتے ہوئے كہا كہ اقوام متحدہ كی سلامتی كونسل كو اختيار نہیں كہ وہ ايرانی يورينيم كے پروگرام كو روك سكے۔ انہوں نے كہا كہ سلامتی كونسل كو لوگوں سے ان كا حق چھيننے كا اختيار نہیں۔ انہوں نے كہا كہ پرامن ایٹمی ٹيكنالوجی ايرانی عوام كا بنيادی حق ہے۔ ايرانی وزير خارجہ منوچہر متقی نے كہا كہ ہم آئی اے ای اے كی طرف سے سلامتی كونسل كو بھيجے جانے والے ايران كے كيس كو تسليم نہیں كرينگے ۔انہوں نے كہاكہ عوام سے بالاتر ہو كر سلامتی كونسل كو اس قسم كا كوئی حق نہیں پہنچتا۔ انہوں نے كہا ايندھن كی تياری اپنی بجلی كی ضروريات كيلئے ہے تاكہ ہم تيل و گيس كو اپنی ضروريات پوری كرنے كيلئے بہتر انداز میں برآمد كرسكیں اور اپنی توانائی كی ضروريات نيوكليئر ٹيكنالوجی كے استعمال سے پوری كریں۔ انہوں نے كہاكہ پرامن نيوكليئر ٹيكنالوجی كا حصول ہر ملك كا حق ہے۔