ایکنا: یورپ اور ایشیا کے ممالک سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین نے سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور، کی جانب سے منعقدہ پروگرام کے تحت مدینہ منورہ میں شاہ فہد قرآن کمپلیکس برائے طباعت و اشاعت کا دورہ کیا۔
ایکنا نیوز- سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ خادم حرمین شریفین کے عمرہ و زیارت پروگرام میں شریک زائرین کے دوسرے گروپ نے ہفتہ 17 مرداد کو مدینہ منورہ میں قیام کے دوران اپنے ثقافتی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر شاہ فہد قرآن کمپلیکس کا دورہ کیا۔
۲۳ یورپی اور ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے ۲۵۰ عمرہ زائرین نے کمپلیکس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور قرآن کریم کی طباعت کے مراحل، جدید پرنٹنگ ٹیکنالوجی اور قرآن کے نسخوں کی جانچ و تصدیق کے مراحل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
زائرین کو قرآن کریم کی خدمت کے لیے کمپلیکس کی کوششوں، قرآن پاک کی طباعت میں اس کے کردار، کلامِ وحی کے معانی کا ۸۰ سے زائد زبانوں میں ترجمہ اور دنیا کی مختلف زبانوں میں کمپلیکس کی مطبوعات کی اشاعت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے اختتام پر زائرین کو تحائف پیش کیے گئے، جن میں شاہ فہد قرآن کمپلیکس کی جانب سے شائع کردہ قرآن کریم کے نسخے اور مختلف زبانوں میں قرآن کے معانی کے تراجم شامل تھے۔
زائرین نے قرآن کریم کی طباعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور طباعت کے مختلف مراحل میں انتہائی دقت و احتیاط کو سراہتے ہوئے سعودی وزارت اسلامی امور کی جانب سے زائرین کے لیے خصوصی ثقافتی پروگرام منعقد کرنے کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
واضح رہے کہ مدینہ منورہ میں واقع شاہ فہد قرآن کمپلیکس کا افتتاح 30 اکتوبر 1984ء کو کیا گیا تھا۔ تقریباً چار دہائیوں کی سرگرمیوں کے بعد یہ ادارہ آج دنیا میں قرآن کریم کی طباعت کا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے۔
یہ کمپلیکس سعودی عرب کے اہم ترین عصری ثقافتی اور مذہبی مراکز میں شمار ہوتا ہے اور دنیا بھر، بالخصوص اسلامی ممالک میں، مختلف قراءتوں کے مطابق قرآن کریم کے مستند نسخوں کی طباعت اور تقسیم میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔/
4368818