ایکنا: پیرس کے لوور میوزیم میں اسلامی فنون کے موضوع پر ایک نمائش کا افتتاح کیا گیا ہے، جس میں میوزیم کے اسلامی فنون کے مجموعے سے تقریباً 50 فن پارے پیش کیے گئے ہیں۔
ایکنا نیوز- آذرنیوز کے مطابق لوور میوزیم نے اپنے اسلامی فنون کے مجموعے سے منتخب فن پاروں کی نمائش کی ہے۔ میوزیم کا اسلامی فنون کا شعبہ اس وقت تعمیرِ نو کے مرحلے سے گزر رہا ہے، اسی دوران اس نے «روابط: آرائشی فنون کے ذریعے اسلامی فن کی حیرت انگیز دنیا» (Affinités: The Wonders of Islamic Art Through Decorative Arts) کے عنوان سے ایک عارضی نمائش کا افتتاح کیا ہے، جس میں اس کے اسلامی فنون کے مجموعے سے منتخب آثار پیش کیے گئے ہیں۔
یہ نمائش 31 دسمبر تک جاری رہے گی اور اس میں اسلامی فنون کے شعبے کے مجموعے سے تقریباً 50 فن پارے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ یہ نمائش نہ صرف تعمیرِ نو کے دوران اسلامی فنون کے شعبے کی عارضی بندش کا ازالہ کرتی ہے بلکہ زائرین کو اس مجموعے کے بعض اہم ترین فن پاروں کو دیکھنے اور ان سے واقف ہونے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔
اس نمائش کے نگران فیلیپ مالگوائر اور انابل کولین نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد اسلامی فنون اور آرائشی فنون کے مختلف شعبوں کے درمیان موجود تاریخی، فنی اور جمالیاتی روابط کا جائزہ لینا ہے۔
یہ نمائش نویں سے سترہویں صدی تک کے فن پاروں کو پیش کرتی ہے اور اسلامی دنیا اور یورپ کے درمیان ہونے والے فنّی اور ثقافتی تبادلوں کو اجاگر کرتی ہے۔
نمائش کو تین بنیادی موضوعات کے گرد ترتیب دیا گیا ہے: روشنی، رنگ اور مجسمہ سازی۔ لوور میوزیم کے مطابق، یہ فن پارے اسلامی دنیا میں فروغ پانے والی اہم فنی اور جمالیاتی اختراعات کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ ان سے یورپ اور فرانسیسی فنّی مجموعوں میں اسلامی فن پاروں کے لیے پیدا ہونے والی گہری دلچسپی کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔
نمائش کے منتظمین کے مطابق، «Affinités» کا مطلب ’’قربتیں‘‘ یا ’’روابط‘‘ ہے، جو اسلامی ممالک اور یورپ کے درمیان تاریخی تعلقات کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ ان تعلقات میں جغرافیائی قربت کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور فنّی مماثلتیں اور روابط بھی شامل ہیں۔/
4368974