ایکنا نیوز- ایران ریڈیو کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے آج اسلام آباد میں پاکستان کے صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر لاریجانی نے اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم مسائل، عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے تعلقات میں فروغ لانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ ڈاکٹر لاریجانی اور ممنون حسین نے پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان تعلقات کی توسیع کی اہمیت پر تاکید کی۔صدر پاکستان نے دونوں ملکوں کی سرحدوں پر شرپسندوں کی سرگرمیوں اور بدامنی پیدا کرنے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کو اس بات کی اجازت نہیں دینا چاہیے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں مشکلات پیدا ہوں۔ اس موقع پر ڈاکٹر لاریجانی نے علاقے میں امن قائم کرنے میں ایران اور پاکستان کی مشترکہ کوششوں کے باثمر ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتھا پسندی علاقے کی بعض مشکلات کا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں ہر طرح کے بحران اور مسائل سے دشمنوں کو فائدہ ہوتا ہے لھذا علاقے کے ملکوں کو مل کر ان مسائل کو حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے افغانستان کے مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کو مل کر افغانستان میں امن قائم کرنے میں تعاون کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر لاریجانی نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے بارے میں کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی سرزمین میں اس پائپ لائن کے حصے کو مکمل کرنے اور اسے پاکستان کی سرحد تک پہنچانے میں کافی سرمایہ کاری کی ہے اور اب یہ پائپ لائن مناسب مرحلے تک پہنچ گئی ہے اور پاکستان کی سنجیدہ کوششوں سے مکمل کی جاسکتی ہے۔ ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ آئندہ دنوں میں ایران پاکستان کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا اور یہ اجلاس دونوں ملکوں کے اقتصادی تعاون اور تجارت میں مفید واقع ہوسکتا ہے۔ اس ملاقات میں صدر پاکستان جناب ممنون حسین نے کہا کہ ڈاکٹر لاریجانی کا دورہ اسلام آباد ظاہر کرتا ہےکہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات میں فروغ لانے میں پرعزم ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہاکہ پاکستان سرحدوں کی سکیورٹی اور دہشتگردی سے مقابلہ کے لئے ایران کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کا خواہاں ہے اور اسلام آباد نے ہمیشہ ایران کے ساتھ قریبی تعلقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے بھی ایران پاکستان گیس پائپ لائن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد ایران کے ساتھ اس اہم گیس پائپ لائین کو مکمل کرنے کا پابند ہے اور چاہتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین میں اضافہ ہو۔ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی گذشتہ روز پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔ قابل ذکر ہے ڈاکٹرلاریجانی نے آج پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اور سینیٹ کے سربراہ سید نیر حسین بخاری سے بھی ملاقاتیں کیں۔ واضح رہے ڈاکٹر لاریجانی نے گذشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان کی سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں سے ملاقات کی تھی۔