ایکنانیوز- شفقنا- پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے داعش کے امیر کے نمائندے سمیت دو دیگر غیر ملکیوں کی پاکستان میں موجودگی اور کالعدم تنظیموں کو ساتھ ملاکر سرگرمیاں کرنے کا انکشاف کیا ہے، ذرائع کے مطابق سیکیورٹی سے متعلق اداروں، پنجاب حکومت اور سینئر پولیس حکام کو آگاہ کیا گیا ہے کہ داعش کے امیر ابوبکر البغدادی نے مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے زبیر الکویتی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پاکستان میں کالعدم تنظیموں اور اس سے وابستہ افراد کو ساتھ ملائے اور انہیں ہر طرح کی مالی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائے۔
رپورٹ کے مطابق ایسی اطلاعات ہیں کہ داعش کے امیر کی جانب سے ذمہ داریاں ملنے کے بعد زبیر الکویتی دو مزید غیر ملکیوں کے ساتھ پاکستان پہنچ چکا ہے اور انہیں جنداللہ سے وابستہ عناصر سہولیات فراہم کرے رہے ہیں۔
اطلاعات یہ بھی ہیں کہ داعش کے مذکورہ عناصر لاہور، ملتان اور رحیم یار خان کے درمیان کسی جگہ مصروف ہیں اور اپنی مصروفیات ختم ہونے کے بعد کراچی روانہ ہو جائیں گے۔ جنداللہ سمیت پنجابی دہشت گرد گروپوں نے ابوبکر البغدادی کے پیغام کو پھیلانے کے لئے پمفلٹ اور کتابچہ چھپوایا ہے اور یہی عناصر ملک کے مختلف حصوں میں وال چاکنگ میں مصروف ہیں۔ ان اطلاعات کی روشنی میں پنڈی سمیت ملک بھر کے داخلی اور خارجی راستوں پر کڑی نگرانی شروع کر دی گئی ہے۔