ایکنا نیوز- ایران ریڈیو- شام کی انسانی حقوق کی نگراں تنظیم کی رپورٹ کے مطابق ان عیسائیوں کو تل تمر کالونی کےمضافات میں واقع تل ہرمز اور تل شامیرام نامی دو دیہاتوں سے اغوا کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تل تمر اور اس کے مضافات کے علاقے میں داعش دہشتگردوں اور کرد فورسز کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ انسانی حقوق کی نگراں اس تنظیم کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق تل حمیس کے جنوبی مضافات میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر ہونے والی بمباری میں چودہ دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کرد پیشمرگہ فورس کی طرف سے شام و عراق کے مشترکہ علاقے جزعہ کے مضافات میں واقع سلیمہ دیہات پر فائر کئے جانے والے مارٹر گولے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے اور داعش دہشتگردوں کو اس علاقے سے پسپائی اختیار کرنی پڑی۔ داعش دہشتگردوں نےگذشتہ موسم گرما میں ترکی، سعودی عرب اور قطر سمیت علاقے کے بعض ملکوں کی مدد سے عراق اور شام کے کچھ علاقوں پر قبضہ کر لیا۔ گذشتہ ہفتوں میں عراقی فوج نے رضاکار عوامی فورس کے تعاون سے ملک کے بعض علاقوں سے داعش دہشتگردوں کو باہر نکال دیا ہے۔