پاکستان: کوئٹہ اور کراچی بھی فوجی آپریشن کا تقاضا کر رہے ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

IQNA

پاکستان: کوئٹہ اور کراچی بھی فوجی آپریشن کا تقاضا کر رہے ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

11:30 - June 16, 2015
خبر کا کوڈ: 3315037
بین الاقوامی گروپ: اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہمیں پاک فوج کی جرات و عظمت پر فخر ہے جو ملک میں مختلف داخلی محاذوں پر برسرپیکار ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی سرحدوں کے دفاع سے بھی لمحہ بھر غافل نہیں۔ دہشتگردی کا خاتمہ فوجی آپریشن کے بغیر ممکن نہیں۔

ایکنانیوز- اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے ضرب عضب کا ایک سال مکمل ہونے پر میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پوری قوم اس بات پر پُراطمینان ہے کہ وطن عزیز کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ افواج پاکستان ناقابل تسخیر اور دشمنوں کے ناپاک ارادوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ ملک سے دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم پر پاک افوج کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاک فوج کی جرات و عظمت پر فخر ہے، جو ملک میں مختلف داخلی محاذوں پر برسرپیکار ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی سرحدوں کے دفاع سے بھی لمحہ بھر غافل نہیں اور ملک دشمن عناصر کو دندان شکن جواب دے کر خاموش کرانا خوب جانتی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں میں افواج پاک کے جن نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گرد اس ملک و ملت کے دشمن ہیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم کی بھرپور تائید حاصل ہے۔ ہمارا شروع سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ فوجی آپریشن کے بغیر ممکن نہیں جبکہ حکومت قومی سلامتی کے امور کو سیاسی مصلحت کی بھینٹ چڑھانے پر بضد رہی۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کوئٹہ اور کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات بھی بھرپور فوجی آپریشن کا تقاضہ کر رہے ہیں۔ آپریش کا آغاز دہشت گردوں کے سہولت کاروں سے کیا جائے اور پھر اس کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ان پناہ گاہوں کی طرف بڑھا جائے جہاں بیٹھ کر یہ عناصر ملکی امن و سلامتی کے خلاف منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ ملک میں امن و سلامتی کے حقیقی قیام کا اس کے سوا کوئی دوسرا حل نہیں۔

466851

نظرات بینندگان
captcha