ایکنا نیوز-یاد رہے کہ جنوبی کیرولینا، چارلیسٹن میں ان گرجا گھروں پر ہولناک اور قاتلانہ حملے کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق تین فلاحی تنظیموں نے 2 جولائی کو اس کی ابتداء کی اور یہ رمضان کے آخر تک اکھٹا ہونے والی تمام رقم ان گرجاگھروں کو عطیہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جو حالیہ ہفتوں میں آتشزدگی سے تباہ ہوگئے تھے۔
ڈان نیوز کے مطابق چارلسٹن کے گرجاگھر پر فائرنگ کے بعد سے امریکا میں سیاہ فاموں کے آٹھ گرجا گھر نذرآتش کیے جاچکے ہیں۔ چارلسٹن میں عمانویل افریقن میتھوڈسٹ کلیسا کے تاریخی گرجا گھر پر ایک مسلح فرد نے نو عبادت گزاروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ اس واقعے نے امریکا کی سیاہ فام برادری میں خدشات پیدا کردیے ہیں۔
ان تین فلاحی تنظیموں میں عرب امریکن ایسوسی ایشن آف نیویارک، وسیع امت اور نسلی امتیاز کے خلاف مسلم تعاون کی تنظیم شامل ہیں۔ ان تنظیموں نے سیاہ فام کمیونٹی کی مدد کے لیے تیس ہزار ڈالرز کا ہدف مقرر کیا ہے۔
فلاحی تنظیموں کی جانب سے فنڈز جمع کرنے کے پیج پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’سیاہ فام کمیونٹی کے گرجاگھروں پر اس قسم کے حملے جنوب میں دھمکانے کا ایک بہت پرانا طریقہ کار ہے، تاریخی طور پر اس طرح کے حملوں کو سیاہ فام لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بحیثیت مسلمان کے ہم کمزوروں کے تحفظ کی اہمیت سے واقف ہیں اور ایسے لوگوں کا احترام کرتے ہیں جو اپنی مختلف زبانوں میں خدا کو پکارتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم آپ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک بھر میں مذہبی برادریوں کے لیے ہماری مدد میں اپنے وسائل کے ساتھ شامل ہوں تاکہ ان کے گرجا گھروں کو ازسرنو تعمیر کیاجاسکے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ’’محبت کے ساتھ جواب‘‘ کے عنوان کے ساتھ اس مہم نے 600 سے زیادہ عطیہ دہندگان کی مدد سے رمضان کے دوران اب تک 28 ہزار 963 ڈالرز اکھٹا کرلیے ہیں۔