ایکنا نیوز- شفقنا- کرد فورسز نے ایسی سرنگوں کا پتہ لگایا ہے جو شام کے صوبہ الرقہ کے شہر تل ابیض کو ترکی سے ملاتی ہیں- اس رپورٹ کے مطابق داعش دہشت گرد گروہ ان سرنگوں کو اسلحوں کی منتقلی اور ان کا ذخیرہ کرنے کے لئے استعمال کرتے تھے- رپورٹ کے مطابق بعض سرنگیں مکمل ہو چکی ہیں اور بعض کو داعش کے افراد مکمل کرنے میں لگے ہوئے ہیں- ان سرنگوں میں، جو شہر جرابلس کے مشرق میں واقع الاثری پہاڑیوں کے کنارے سے شروع ہو کر قبرستان کے نیچے سے ہوتے ہوئے مختلف علاقوں کی طرف گئی ہیں، اسلحہ اور گولہ بارود رکھنے کے لئے چھوٹے چھوٹے کمرے بھی بنے ہوئے ہیں- ان سرنگوں کی لمبائی سو سے چھ سو میٹر تک ہے اور وہ ترکی کے شہر آقچہ قلعہ میں پہنچ کر ختم ہو جاتی ہیں- اسی طرح کی سرنگیں، شہر جرابلس کے مغرب میں واقع عین العروس دیہات کے اطراف میں بھی بنائی گئی ہیں، جو ترکی سے جا ملتی ہیں- واضح رہے کہ کرد فورسز کے حملے کے بعد داعش دہشت گرد، ان علاقون میں اپنا فوجی ساز و سامان چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں-