
ایکنانیوز کے مطابق، قرآنی کمیٹوں کے انچارج محمدتقی میرزاجانی نے گفتگو میں بتایا کہ ہر سال ایران سے 100 سے 150 قاری اور حافظ تبلیغی پروگراموں کی انجام دہی یا بین الاقوامی قرآن مقابلوں میں شرکت کے لیے مختلف ممالک بھیجے جاتے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی نمائندگی کے لیے قاریوں کا انتخاب قومی سطح کے قرآن مقابلوں کے نتائج کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، جو ہر سال اوقاف و امور خیریہ تنظیم کے زیرِ اہتمام منعقد ہوتے ہیں۔ ان مقابلوں میں اعلیٰ درجہ حاصل کرنے والے قاری اور حافظ عام طور پر ایران، ملائیشیا، انڈونیشیا، روس اور دیگر ممالک میں بین الاقوامی مقابلوں کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں۔
میرزاجانی نے کہا کہ بعض اوقات میزبان ملک کی جانب سے عمر کی حد یا دیگر شرائط کی وجہ سے اول پوزیشن حاصل کرنے والے کو نہیں بھیجا جا سکتا، اس صورت میں اگلے درجہ کے امیدواروں کو منتخب کیا جاتا ہے، لیکن یہ تمام انتخاب شفاف اصولوں کے مطابق انجام پاتے ہیں۔ اگر کسی کو کوئی سوال یا شبہ ہو تو قرآن کی اعلیٰ کونسل وضاحت دینے کی ذمہ دار ہے تاکہ کسی قسم کی بےانصافی کا تاثر پیدا نہ ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی مقابلوں کے علاوہ تبلیغی قرآن اعزامات بھی کیے جاتے ہیں، جیسے ماہِ رمضان، ہفتہ وحدت، اور دیگر مذہبی مواقع پر، جنہیں اسلامی ثقافت و روابط تنظیم کے تعاون سے ترتیب دیا جاتا ہے۔ اسی طرح، قرآنی کاروان برائے حجِ تمتع بھی ہر سال روانہ کیا جاتا ہے۔
میرزاجانی نے بتایا کہ پچھلے برسوں میں سیاسی، اقتصادی اور مالیاتی وجوہات کے باعث اعزامات کی تعداد میں کچھ کمی آئی ہے، تاہم اوسطاً ہر سال 100 سے 150 قاری اور حافظ مختلف ممالک میں قرآن کے پیغام کو عام کرنے اور مقابلوں میں شرکت کے لیے بھیجے جاتے ہیں۔ یہ تعداد اربعین قرآنی کاروانوں کے علاوہ ہے جو علیحدہ طور پر انجام دیے جاتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے ملک کے قرآنی کارکنوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ثقافتی و قرآنی اداروں کی حمایت سے ایرانی قراء کی بین الاقوامی سطح پر شاندار موجودگی مزید مضبوط ہوگی۔/
4314718