ایکنا نیوز-سحرٹی وی-یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی سبا کی رپورٹ کےمطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان غالب لقمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یمن کے مرکز مآرب میں دشمن کے اقدامات کا جائزہ لیا جارہا ہے کہا کہ فوجی یونٹیں،عوامی مزاحمتی دستے اور اس صوبے کے قبائل اپنے وطن کا دفاع کرنے اور جارحین کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل طور پر آمادہ ہیں-
غالب لقمان نے شہر مآرب کے جنوب میں جارحین کے ساتھ فوج اور عوامی دستوں کی جھڑپوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان جھڑپوں میں جارحین کی کم از کم پچاس بکتربند گاڑیوں، ٹینکوں اور فوجی جیپوں کو تباہ کرنے کے علاوہ، دشمن کے دسیوں فوجیوں کو بھی ہلاک کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن پروپیگنڈے کے ذریعے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی بھر پور کوششں کر رہا ہے۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی فوج کے کمانڈر نے یمن کے شہر مآرب میں اپنے فوجیوں کو لاحق بے پناہ مشکلات کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اونچے پہاڑ اور دشوار گذار راستے ایک طرف اور دوسری طرف تحریک انصاراللہ کی جانب سے جدید ترین بارودی سرنگیں جگہ جگہ بچھائے جانے کے سبب، یمن مخالف افواج کو ان علاقوں میں سخت مشکلات کا سامنا ہے-