ایکنانیوز- اسلام ٹائمز۔ لاہور میں مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنیوالے ملک دشمن ہیں، پارلیمنٹ سے منظوری کے بغیر منی بجٹ کا نفاذ غیر آئینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر مہنگائی کا بم گرا دیا گیا ہے، پاک فوج قوم کو امن دینے کیلئے قربانیاں دے رہی ہے، فوجی شہداء قوم کے محسن اور ہیرو ہیں، طالبان اور داعش کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں رینجرز کو فری ہینڈ دیا جائے اور جمہوریت کو خطرہ لاحق ہونے کا شور نہ مچایا جائے، سیاست میں بڑے پیمانے پر صفائی کی ضرورت ہے، مالی کرپشن کیخلاف ایکشن کا رک جانا المیہ ہے۔
صاحبزادہ محمد حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام آئی ایم ایف کی قید میں ہیں، حکومت کی صفوں میں چور اور ڈاکو موجود ہیں، سرکاری افسر شریف برادران کے ذاتی ملازم بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کی جیت کو ہار میں بدلنا افسوسناک ہے، حکومت کو سڑکیں بنانے سے فرصت نہیں جبکہ عوام کے بنیاد ی مسائل جوں کے توں ہیں، کراچی میں سول انتظامیہ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دینے میں ناکام ہو چکی ہے، پاکستان میں جمہوریت کا مطلب صرف لوٹ مار ہے، قرضوں سے ملک چلانے والے حکمرانوں کا انجام قریب ہے۔