ایکنانیوز- ڈیلی پاکستان- وفاقی وزیربرائے مذہبی امور و بین الامذہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ 2016ءکیلئے حج پالیسی بنارہے ہیں اس میں ہماری کوشش ہو گی کہ ہم حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کریں۔ حج اور عمرہ آپریٹر ز کے طور پر پاکستان میں 2740 کمپنیاں کام کررہی ہیں ۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںکمی کے بعد حج اور عمرے کے کرایوں میں کمی کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب کا روان حرا کی جانب سے 12 ویں سالانہ محفل میلاد تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ تقریب محفل میلاد میںپیر سرکار نصیر احمد قادری، سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب، کاروان حرا کے چیئرمین منور احمد خان، بحراللہ ہزاروی ، منصور احمد خان ، محمد ندیم شریف ، عبدالستار سامیتو ، حافظ لیاقت ، محمد اسماعیل غازیانی ، سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ بشیر فاروقی ، ایاز محمود الحسن اور دیگر بھی شریک ہوئے جبکہ محفل کے ناظم الحاج قاری عبدارلرﺅف ہوں گے۔ اس موقع پر سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے 2013-14-15 کے حج کیلئے بہت اچھے انتظامات کئے تھے۔سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ہم نے دیکھا ہے کہ حج اور عمرہ کرنے والے افراد وہاں جاکے عبادات کی طرف توجہ دینے کی بجائے تصاویر اور ویڈیو بنانے میں زیادہ توجہ دیتے ہیں جو سراسر غلط عمل ہے ایسا نہیں کرنا چاہیے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مہیا کی جانے والی سہولیات کا ذکر کرنا چاہیے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اپنی عبادات پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے اسلام آباد میں بین المذاہب ہم آہنگی کے تمام علماءکے اتفاق رائے سے نظام صلوة کا اہتمام کیا ہے اور اس کے بعد ہم پورے ملک ملک میں یہ نظام لائیں گے علماءکرام کی رائے سے تاکہ پورے ملک میں ایک ہی وقت میں نماز اور اذان کا نظام رائج ہو سکے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے علماءکرام ہماری رہنمائی کریں۔ تقریب میں کاروان حرا کی جانب سے 2014 ءاور 2015 ءکے حج میں جانے والوں کے عمرہ ٹکٹ کیلئے قرعہ اندازی بھی کرائی گئی جس میں 2014 ءمیں حج پر جانے والے حاجی محمد اسماعیل اور عامر خان جبکہ 2015 ءمیں حج کی سعادت نصیب کرنے والے حاجی میر حمزہ شیخ، امینہ افضل ، محمد سعد خان نے عمرے کے ٹکٹ حاصل کئے۔