ایکنانیوز- اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا اور علامہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہلا رضا نے علامہ ناصر عباس کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
علامہ حسن ظفر نقوی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں شہلا رضا کا کہنا تھا کہ چاروں صوبائی حکومتیں بالعموم اور پنجاب حکومت باالخصوص ایم ڈبلیو ایم کے مطالبات پر کان دھرے، علامہ ناصر عباس کے تمام مطالبات قانونی و آئینی ہیں۔ پنجاب حکومت عزداروں کے خلاف کاٹی گئی تمام ایف آئی آرز کو واپس لے۔
اس موقع پر علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ ہم اپنی بہن کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ یہاں تشریف لائیں اور اپنی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہے گا، اس لئے پنجاب اور وفاقی حکومت سن لے کہ ہم یہاں سے اٹھنے والے نہیں ہیں۔ آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے کہتے ہیں کہ ملت جعفریہ کی نسل کشی پر نوٹس لیں۔