ایکنا نیوز-ڈیلی پاکستان-اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال دسمبر میں 23 سالہ بھارتی نوجوان محمد ناصر کو سوڈان سے گرفتار کیا گیا۔ تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ محمد ناصر ہی وہ نوجوان ہے کہ جو داعش کے سیاہ جھنڈے اور دیگر تشہیری مواد ڈیزائن کر رہا تھا، جو اس تنظیم کی ویب سائٹوں، پراپیگنڈا ویڈیوز اور کتابچوں میں نظر آتے ہیں، اور دنیا بھر میں اس کی پہچان ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق داعش کو اس کی شناخت فراہم کرنے والے نوجوان محمد ناصر نے چنائی کے ایک کالج سے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی۔ وہ 2014ءمیں ملازمت کی غرض سے دبئی پہنچا اور وہیں سے غیر قانونی طریقے سے سوڈان فرار ہو گیا۔
اس کے والد امیر محمد کو جب خبر ملی کہ اس کا بیٹا چوری چھپے سوڈان فرار ہوگیا ہے تو وہ بھی دبئی سے فوری طور پر بھارت آیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کیا ۔ گزشتہ سال دسمبر میں اس نوجوان کو سوڈان سے گرفتار کرکے بھارت بھیج دیا گیا۔ محمد ناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، اور اس کے خلاف سب سے اہم گواہی اس کے اپنے والد نے ہی دی ہے۔