
ایکنا نیوز- ایکسپرس نیوز کے مطابق شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل پر اختتام پذیر ہوگئے۔ جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے اور ہزاروں پولیس و رینجرز اہلکاروں اور پاک فوج کے جوان تعینات کیے گئے تھے۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے 26 شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر موبائل سروس بند رہی۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کراچی اور لاہور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے جب کہ اسلام آباد اور روالپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی دفعہ 144 نافذ اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہےجب کہ دسویں محرم کے جلوس اور مجالس کے اختتام تک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوا، جلوس کے شرکا نے امام بارگاہ علی رضا میں نماز ظہرین ادا کی جس کے بعد جلوس اپنے روایتی راستے سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔
کراچی میں جلوس کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکیں بھی کنٹینز لگا کر سیل کی گئی ہیں جب کہ جلوس کی گزر گاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں بھی بند رہیں گی، جلوس کی نگرانی کے لیے پولیس کے 6 ہزار اہلکار اور رینجرز کے 2 ہزار جوان تعینات کیے گئے، بلند عمارتوں پر ماہر نشانے باز بھی تعینات تھےں۔ جلوس کے دونوں راستوں پر اسکینرز نصب کیے گئے تھے، مرکزی جلوس میں شریک ہونے والے زائرین کو چیکنگ کے بعد شرکت کی اجازت دی گئی جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کے راستوں کی اسکیننگ بھی کرائی گئی۔
ٹریفک پولیس حکام نے یوم عاشور تک کے ٹریفک پلان سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جلوس کے باعث ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی سے کھارادر تک 11 محرم الحرام کی صبح تک بند رہے گا، پریشانی سے بچنے کے لیے شہری متبادل روٹ کے طور پر گرومندر سے کوریڈور تھری استعمال کریں۔ اس کے علاوہ شہری کیپری سینما کے پیچھے والا روڈ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
سکھر میں کربلا معلیٰ کے تعزیے کا جلوس ادارہ محفل شاہ عراق کربلا سے صبح 7 بجے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا منڈو کھبڑ کے مقام پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔ اس موقع پر بھگڈر مچنے سے ایک عزادار جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے جب کہ 15 عزادار بے ہوش بھی ہوئے۔ زخمیوں اور بے ہوش افراد کو طبی امداد کے لئے تعلقہ اسپتال روہڑی منتقل کر دیا گیا۔
لاہور میں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوا جو مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا واپس پانڈو اسٹریٹ پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔ محرم الحرام کے جلوسوں کی حفاظت کے لیے 15 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جب کہ 720 سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی۔ پشاور میں نویں محرم کا جلوس حسینیہ ہال اور بی بی زکریاں امام بارگاہ جب کہ حیدر آباد میں مرکزی جلوس قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہوا۔
پشاور میں 9 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ بی بی زکریا سے برآمد ہوا جو ہشت نگری محلہ حسینیہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جس کےبعد روٹ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔ ملتان میں 9 محرم کا جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد پر اختتام پذیر ہوا جب کہ پنڈی میں کرنل مقبول امام بارگاہ پر مرکزی جلوس کا اختتام ہوا۔