ایکنا نیوز- دنیا نیوز کے مطابق سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجا زقادری نے کہاہے کہ اولیا ء اللہ نے ہمیشہ قرآن و سنت کی بالا دستی اور بقائے انسانیت کا درس دیا ،صوفی ازم پوری دنیا میں قیام امن کی ضمانت ہے ۔عالمی طاقتیں اسلحہ کی دوڑ سے نکل کر دنیا بھر میں جہالت،غربت اور بے روز گاری کے خلاف جد و جہد کریں ۔انسانی حقوق کی تنظیمیں ظلم کے خلاف غیر جانبدارانہ آواز بلند کریں ۔ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ کشمیر،فلسطین،عراق،شام،افغانستا ن سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو تنہائی کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ مسلم امہ کو چاہیے کہ وہ باہمی اختلافات کو بھلا کر کفار کے خلاف خود کو منظم کریں ۔نوجوان نسل کو دین کے ساتھ ساتھ عصری علوم اور سائنسی مہارت بھی حاصل کرنا ہو گی۔ مسلمان ریاستوں کے سر براہان کو چاہیے کہ وہ کشمیر ، فلسطین،عراق ،شام اور افغانستان کے مسلمانوں کے خلاف جاری اہل کفار کی بربریت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔
سربراہ سنی تحریک نے کہاکہ صوفیا کی تعلیمات میں معاشرے میں در گزر ،امن ،محبت اور رواداری کا پیغام مضمر ہے ،حکومت صوفی ازم کو عام کرنے میں معاونت کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصر ،شام، لیبیاء سے آئے ہوئے مشائخ کرام سے ملاقات میں کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سیاسی اور مذہبی تنگ نظری سے پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے عالمی طاقتوں کو غور کرنا ہوگا ۔دنیا کو تباہی اور بربادی سے بچانے کیلئے تعلیم کے فروغ اور غربت کا خاتمہ ممکن بنانا ہوگا۔