
ایکنا کی رپورٹ کے مطابق بانی انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ امام خمینی (رہ) کی 28 ویں برسی کے موقعہ پر خانہ فرھنگ ایران کویٹہ کی طرف سے " افکار امام خمینی اور بیداری اسلامی" کے عنوان سے سیمینار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں شیعہ سنی کے کئی علمائے دین، مذہبی جماعتوں کے قائدین، دانشوروں، طلبا، ایران سفارت کار اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب میں علما نے امام خمینی (رہ) کو عقیدت کا خراج نذر کرتے ہوئے کہا کہ امام کے افکار نے اسلامی دنیا کو نیا ولولہ بخشا کیونکہ امام خمینی (رہ) نے اپنی ذات کو قربت خداوندی کے اس منزل تک پہنچا دیا تھا جہاں رب اپنے بندے کی مرضی اور دعا کو بہرحال قبول فرماتا ہے۔
مقررین نے امام خمینیؒ کے نعرہ ’’لا شرقیہ لا غربیہ اسلامیہ اسلامیہ‘‘ کو ملت اسلامیہ کی تمام پریشانیوں کا حل قرار دیتے ہوئے شیعہ سنی مشترکات کو بروئے کار لانے اور اختلافات کو بالائے طاق رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امام خمینی (رہ) نے اپنے کردار و عمل اور ایمان باللہ سے ایرانی قوم کو ایک اعلیٰ مقصد کیلئے ہر قسم کی قربانیوں پر تیار کیا۔ علما نے امام خمینیؒ کو عالم اسلام اور عالم انسانیت کا ایک رول ماڈل قرار دیا اور آپکے افکار پر عمل پر زور دیا۔
سیمینار کے اختتام پر افطاری کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ نماز وحدت پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔