ہندوستان میں کرونا کی تباہی رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں تین لاکھ پچاسی ہزار سے زاید متاثر اور ساڑھے تین ہزار سے زاید اموات نے ایک نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا ہے۔ اسپتالوں میں جگہ نہیں ہے آکسیجن ناپید ہے اور مردہ سوزی کے لئے نئے شمشان بنانے کے با وجود جگہ کم پڑ رہی ہے۔ دار الحکومت دہلی بدترین صورتحال سے دو چار ہے۔
انہیں حالات کے تناظر میں نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام و المسلمین جناب مہدی مہدوی پور نے ایک پیغام جاری کیا ہے۔
پیغام میں طبی پروٹوکول کی رعایت کرنے، ماسک استعمال کرنے اور سماجی فاصلے برقرار رکھنے پر تاکید کی ہے۔
آپ نے تمام اقوام عالم سے اس وائرس کے سلسلہ میں دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔ خصوصا مومنین سے ماہ رمضان المبارک خصوصا شب ہائے قدر میں خصوصی دعا کا تقاضا کیا ہے۔
اسی طرح آپ نے کرونا سے مربوط خرچ کے لئے آدھا خمس استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔
آپ نے کہا ہے کہ مومنین اس کام میں آدھا سہم امام علیہ السلام اور آدھا سہم سادات خرچ کر سکتے ہیں۔
اسی طرح آپ نے فرمایا ہے کہ اگر کسی جگہ پر آدھے سے زیادہ خرچ کرنے کی ضرورت ہو تو مومنین رابطہ کرکے مزید کی اجازت لے سکتے ہیں۔