حضرت امام علی رضا(ع) کے حرم مطہر میں جشن شریکتہ الحسین

IQNA

حضرت امام علی رضا(ع) کے حرم مطہر میں جشن شریکتہ الحسین

9:10 - December 11, 2021
خبر کا کوڈ: 3510839
ثانی زہراء حضرت زینب سلام اللہ علیھا کی ولادت ِبا سعادت کے موقع پر حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ منورہ میں جشن کا سماں تھا اور پورے حرم میں خصوصی طور پر چراغانی کی گئی۔

آستان مقدس رضوی کی ویب سائٹ کے مطابق حرم امام علی رضا علیہ السلام میں حضرت زینب(س) کی شب ولادت اور یوم ولادت کی مناسبت سے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا،شب ولادت کا مرکزی پروگرام حرم مطہر رضوی کے رواق امام خمینیؒ میں منعقد ہوا جس میں مجلس خبرگان رہبری کے رکن آیت اللہ سید احمد حسینی خراسانی نے حضرت زینب (س) کی سیرت  طیبہ  کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت زینب (س) امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام اور حضرت فاطمہ زہراء (س)کی دختر گرامی ہیں جوعلم آل محمد(ص) سے سرشار ہونے کی وجہ سے ’’عقیلہ بنی ہاشم‘‘ کے لقب سے مشہور تھیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت زینب (س) کا مبارک نام  پیغمبر گرامی اسلام (ص) نے وحی الہی کے مطابق انتخاب فرمایا،حضرت زینب (س) نے واقعہ عاشورا میں  تحریک امام حسین(ع) اور مقصد امام حسین(ع) کوزندہ رکھنے میں جو کردار ادا کیا اس سے نہ فقط باپ کی زینت بنیں   بلکہ خاندان رسالت کے لئے  باعث افتخار ہيں  ۔ 
تقریر کے اختتام پر دعائے  کمیل تلاوت کی گئی اور آخر میں مداحان اہلبیت  جعفر ملائکہ اوررضا حیمی عنبران نے حضرت زینب(س) کی شان میں اشعار اور قصیدے پڑھے۔ 
شریکتہ الحسین حضرت زینب سلام اللہ علیھا  کے یوم ولادت کی مناسبت سے بھی حضرت امام علی رضا(ع) کے حرم مطہر میں مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا تھاجس میں حضرت  زینب (س) کے موضوع پر تقاریر،منقبت  اور قصیدہ خوانی  کے علاوہ حرم مطہر کے رواق شیخ طوسی میں اس خوشی کے موقع پر نوجوان جوڑوں  کی  شادیوں کی تقریب بھی منعقد ہوئي اور انہیں حرم مطہر رضوی کی جانب سے متبرک تحائف سے بھی نوازا گیا۔
قابل ذکر ہے  کہ اردو زبان زائرین کے لئےبھی حرم مطہر رضوی کے  رواق کوثر میں محفل جشن کا انعقاد کیا گیا جس میں اردو زبان زائرین اور مجاورین نے بھرپور شرکت کی  ۔

نظرات بینندگان
captcha