یکساں قومی نصاب مشترکات کی بجائے اختلافات کی کوشش ہے، علامہ شبیر میثمی

IQNA

یکساں قومی نصاب مشترکات کی بجائے اختلافات کی کوشش ہے، علامہ شبیر میثمی

7:54 - February 13, 2022
خبر کا کوڈ: 3511303
قومی نصاب کے حوالے سے بھی مسلمان یکجا ہو کر ان سازشوں کو بھی ناکام بنائیں اور آپس کے اتحاد و وحدت کی فضا کو مکدر ہونے سے بھی بچائیں۔

ایکنا نیوز کے مطابق بین المذاہب امن کمیٹی سرگودھا کے زیراہتمام خوشاب میں "فروغ امن سیمینار" منعقد ہوا، جس کی صدارت شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ تھے۔

 

مہمانوں کا جلسہ گاہ پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا گیا اور بین المذاہب امن کمیٹی کے صوبائی سربراہ صاحبزادہ شعیب رضا قادری نے مختلف مکاتب فکر کے علماء و زعماء کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی وفد کو ہار پہنا کر جلسہ گاہ پہنچایا۔ اس موقع پر اہلسنت اور اہل تشیع کے مقامی علماء و زعماء نے اپنے خطابات میں خوشاب کے امن کو مثالی قرار دیتے ہوئے اتحاد بین المسلمین و اتحاد بین المذاہب کو وطن عزیز پاکستان کیلئے نمونہ قرار دیا۔

 

اپنے صدارتی خطاب میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے خوشاب میں امن کی مثال قائم رکھنے پر مقامی علماء و زعماء کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور اہل اسلام کا اس بنیادی اصول پر مجتمع ہونا کہ ایک مسلمان کے ہاتھوں کسی دوسرے مسلمان کو تکلیف نہ پہنچے، درحقیقت درسِ اسلام ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشاب کی عوام داد و تحسین کے مستحق ہیں کہ وہ دین کے اس زریں اصول کا مظہر بن کر پورے ملک کو امن، اخوت و بھائی چارے کا پیغام دے رہے ہیں، جو یقیناً کسی عبادت سے کم نہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اہل اسلام میں نفاق کی کوششیں دراصل وطن عزیز پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے، لیکن پاکستان کی شیعہ سنی عوام نے قربانیاں دے کر ثابت کیا ہے کہ وہ بقاء و ترقی مملکت خدا داد پاکستان کی خاطر یکجا ہو کر دشمن اسلام و پاکستان کے ارادے خاک میں ملا دینگے۔ انہوں نے نصاب کے معاملے پر تمام مسلمانوں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ قومی نصاب میں مشترکات کے بجائے اختلافات پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے اور اس حوالے سے بھی مسلمان یکجا ہو کر ان سازشوں کو بھی ناکام بنائیں اور آپس کے اتحاد و وحدت کی فضا کو مکدر ہونے سے بھی بچائیں۔

نظرات بینندگان
captcha