ایکنا انٹرنیشنل ڈیسک کے مطابق عالمی ہڑتال کی کال فلسطین کے قومی اور اسلامی گروپوں کے اتحاد کی جانب سے دی گئی ہے، ہڑتال کا مقصد ایک روز کے لیے دنیا کا ہر کام چھوڑ کر عالمی طاقتوں کو جنگ بندی پر مجبور کرنا ہے۔
فلسطین کے قومی اور اسلامی گروپوں کے اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ہم توقع کرتے ہیں کہ پوری دنیا اس ہڑتال میں شامل ہوگی، یہ ہڑتال غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت، نسل کشی اور ویسٹ بینک میں نوآبادیاتی آباد کاری کے خلاف ہے‘۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ ہڑتال عالمی سطح پر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالنا ہے.
فلسطینی اتحاد کی جانب دنیا بھر کے لوگوں سے اپیل کی گئی کہ ایک دن کے لیے ہڑتال میں ان کا ساتھ دیں، ہڑتال میں نقل و حمل، ہوا بازی، تجارت، بینک، بندرگاہیں اور یہاں تک کہ اسکول اور یونیورسٹیاں بھی شامل ہونی چاہییں، تاہم ایمرجنسی کی صورت میں آپ نقل و حمل اور دیگر کام پر پابندی نہیں ہوگی۔
انٹرنیشنل افلونسرز اور عام صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر #strikeforgaza اور #ShutItDown4Palestine کا ہیش ٹیگ بھی شروع کیا گیا ہے، جو اس وقت ٹاپ ٹرینڈز میں بھی شامل ہے.
فلسطینی صحافیوں نے بھی سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے انسٹاگرام پر پوسٹ شئیر کی جہاں پیر کو عالمی ہڑتال کی اپیل کی اور عالمی احتجاج کے لیے لوگوں کو سڑکوں اور عوامی چوکوں پر نکلنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
عالمی ہڑتال کے کال کے جواب میں لبنان کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا ہے کہ ملک کے تمام سرکاری دفاتر، پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی اعلیٰ تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
اسرائیل کی غزہ میں جاری مسلسل بمباری کے نتیجے میں اب تک تقریباً 18,000 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں 297 افراد شامل ہیں اور صرف دو مہینوں میں 49 ہزار سے زائد زخمی ہوئے./