کون لوگ شہید کے مصداق ہیں؟

IQNA

قرآن میں شھادت 4

کون لوگ شہید کے مصداق ہیں؟

5:35 - November 26, 2024
خبر کا کوڈ: 3517524
ایکنا: روایات نبی اکرم (ص) کے مطابق انسان اگر ذمہ داری اٹھاتے وقت مرجائے تو شہید شمار اور اسکا بڑا اجر ہوگا۔

ایکنا نیوز- آیات و روایات کے مطابق شہادت کا تصور اسلامی ثقافت میں دو مختلف معنی رکھتا ہے:

خاص معنوں میں، شہادت کا مطلب اللہ کی راہ میں جنگ کے میدان میں مارا جانا ہے۔ ایسے شہید کے لیے اسلامی فقہ میں خاص احکام ہیں، مثلاً یہ کہا گیا ہے کہ شہید کو غسل اور کفن کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ اُسے خون آلود لباس کے ساتھ ہی دفن کیا جاتا ہے۔

لیکن شہادت کا ایک عام اور وسیع تر معنی بھی ہے۔ اگر کوئی انسان اللہ کے حکم کی تعمیل میں جان سے جائے یا کسی نیک مقصد کے لئے زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تو وہ بھی شہید کا درجہ پاتا ہے اور شہادت کا اجر پاتا ہے۔ اسی بنا پر حضور نبی اکرم (ص) کی احادیث میں چند ایسی اقسام بیان کی گئی ہیں جن کے افراد شہید کہلاتے ہیں: پہلی قسم وہ ہے جو علم حاصل کرنے کے راستے میں مر جائے، دوسری وہ جو بستر پر دنیا سے رخصت ہو مگر اللہ اور اس کے رسول (ص) پر ایمان رکھے، اور تیسری وہ جو اپنے مال یا عزت کی حفاظت کے لیے حملہ آوروں کے خلاف مزاحمت کرے اور قتل ہو جائے۔

اس طرح، وہ لوگ جو حق پر ایمان رکھتے ہیں اور راہِ حق میں اپنی زندگی بسر کرتے ہوئے وفات پا جاتے ہیں، قرآن کریم اور اسلامی روایات کے مطابق شہدا کے زمرے میں شامل ہوتے ہیں اور ان کا اجر شہیدوں کی طرح ہی ہوتا ہے۔ اللہ تعالی ان کے بارے میں فرماتا ہے: «وَ الَّذِینَ آمَنُوا بِاللَّهِ وَ رُسُلِهِ أُولئِکَ هُمُ الصِّدِّیقُونَ وَ الشُّهَداءُ عِنْدَ رَبِّهِمْ لَهُمْ أَجْرُهُمْ وَ نُورُهُمْ»  "اور جو لوگ اللہ اور اس کے رسولوں پر ایمان لائے، وہی اپنے رب کے نزدیک صدیقین اور شہداء میں سے ہیں، ان کے لئے اجر اور نور ہے" (سورۃ الحدید، آیت 19)۔

یہ لوگ قرآن کریم کے مطابق انبیاء اور صالحین کے ساتھ بہترین رفاقت میں ہوں گے، جیسا کہ ارشاد باری تعالی ہے: "اور جو اللہ اور رسول کی اطاعت کرے گا وہ ان لوگوں کے ساتھ ہوگا جن پر اللہ نے انعام فرمایا ہے: انبیا، صدیقین، شہدا اور صالحین۔ اور یہ بہترین رفاقت ہے" «وَ مَنْ يُطِعِ اللَّهَ وَ الرَّسُولَ فَأُولئِكَ مَعَ الَّذينَ أَنْعَمَ اللَّهُ عَلَيْهِمْ مِنَ النَّبِيِّينَ وَ الصِّدِّيقينَ وَ الشُّهَداءِ وَ الصَّالِحينَ وَ حَسُنَ أُولئِكَ رَفيقاً» (نساء/69). (سورۃ النساء، آیت 69)۔

نظرات بینندگان
captcha